سچ خبریں:متعدد امریکی ریپبلکن نمائندوں نے واشنگٹن سے یوکرین کی امداد بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اس ملک کے صدر کی جانب سے کیف پر ملکی دولت لٹانے کے فیصلے کی مذمت کی۔
رشیا ٹو ڈے کی رپورٹ کے مطابق ایریزونا کے ریپبلکن نمائندے پال گوسر نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ امریکہ کوئی یوکرین کا مقروض نہیں ہے اور واشنگٹن کو اس ملک کی مدد کرنا بند کر دینی چاہیے، گوسر نے ٹویٹر پر لکھا کہ دوسرے ملک کو امداد دینے کی کوئی ضرورت نہیں خاص طور پر ایسی جنگ کے لیے جس میں ہمارا کوئی دخل نہیں ہونا چاہیے، اس ٹویٹ میں انہوں نے مزید لکھا کہ بائیڈن اور اس کا مجرم خاندان زیلنسکی کا مقروض ہو سکتا ہے، لیکن امریکہ ان کا مقروض نہیں ہے۔
واضح رہے کہ گوسر جو دیگر ممالک میں عدم مداخلت کی پالیسی کے سخت حامی ہیں اور ریپبلکنز سے وابستہ غیر سرکاری امریکہ فرسٹ پارٹی کے رکن بھی ہیں، نے اب خود کو بائیڈن انتظامیہ کی یوکرین کے لیے اپنائی جانے والی پالیسی کے واضح ناقدین میں سے ایک کے طور پر متعارف کرایا ہے۔
ایریزونا کے نمائندے نے مئی میں کیف کے لیے 40 بلین ڈالر کے فوجی اور مالیاتی امدادی پیکج کے خلاف ووٹ دیا تھا اور گزشتہ ماہ اس ملک کے لیے 12 بلین ڈالر کے امدادی بل کی بھی مخالفت کی تھی۔