ممبئی (سچ خبریں) بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن کے حالیہ بلاگ نے اُن کے مداحوں کو تشویش میں مبتلا کردیا۔جب امیتابھ بچن نے حالیہ بلاگ میں لکھا کہ وہ کچھ گھریلو کورونا وائرس کے حالات سے نمٹ رہے ہیں۔انہوں نے یہ بھی لکھا کہ وہ مداحوں سے بعد میں رابطہ کریں گے۔
امیتابھ بچن، جو اکثر اپنے بلاگ کے اندراج میں اپنی زندگی کے مختلف پہلوؤں کی تفصیلات شیئر کرتے ہیں، اُنہوں نے اپنے حالیہ بلاگ میں لکھا کہ ’وہ کچھ گھریلو کورونا وائرس کے حالات سے نمٹ رہے ہیں۔79 سالہ اداکار نے مزید تفصیلات بتائے بغیر اپنے بلاگ میں مزید کہا کہ ’وہ بعد میں اپنے مداحوں سے رابطہ کریں گے۔‘انہوں نے اپنے ایک اور بلاگ میں لکھا کہ ’لڑنا، لڑنا اور سب کی دعائیں، مزید نہیں، مزید تفصیلات نہیں، بس اتنی ہی کافی ہے۔
امیتابھ بچن کے ان بلاگس کے بعد اُن کے مداح تشویش میں مبتلا ہوگئے ہیں کہ اداکار کی طبیعت ٹھیک ہے یا نہیں جبکہ مداح یہ بھی سوچ رہے ہیں کہ امیتابھ بچن بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔دوسری جانب بھارتی میڈیا کے مطابق امیتابھ بچن کے گھر کے عملے کی ایک فرد کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آگیا ہے جس کے بعد اُس فرد کو قرنطینہ کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال امیتابھ بچن، اُن کے بیٹے ابھیشیک بچن، بہو ایشوریا رائے اور پوتی آرادھیا بچن کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد علاج کے لیے اُنہیں اسپتال میں داخل کردیا گیا تھا۔