راولپنڈی: (سچ خبریں) پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ میں کل سے جو ہو رہا ہے سب کو پتا چل گیا ہے یہ کیا کر رہے ہیں، یہ سب گینگ آف تھری کو توسیع دینے کے لیے کیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کی سماعت ہوئی، عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان ریاض گِل کی بیماری کے باعث سماعت 27 ستمبر تک ملتوی کردی گئی، احتساب عدالت نے تفتیشی افسر پر جرح کیلئے آئندہ سماعت کا آخری موقع دے دیا۔
اس موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ ملک کا بیڑا غرق تو انہوں نے کرلیا اب سپریم کورٹ کو بھی تباہ کر رہے ہیں، گینگ آف تھری کی توسیع کی وجہ سے سارا ملک داؤ پر لگا ہوا ہے، حکومت ساری عدلیہ کو تباہ کرنے پر لگی ہوئی ہے، الیکشن فراڈ کو کور کرنے کے لیے ان کو اپنے ججز چاہئیں، 8 فروری کے انتخابات کو پوری دنیا نے فراڈ الیکشن کہا لیکن ایک مرتبہ بھی قاضی فائز عیسی نے یہ نہیں کہا، ججز کو آج دھمکیاں مل رہی ہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ کے چھ ججز نے جو کہا چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی اُن کو کیوں نہیں سُن رہا۔
سابق وزیراعظم کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ اور معیشت سمیت پورا نظام ڈول رہا ہے، چیف الیکشن کمشنر کو پتا ہے اس پر آرٹیکل سکس لگے گا اسی لیے الیکشن فراڈ کو دبایا جارہا ہے، چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی سب سے زیادہ دھاندلی زدہ انتخابات کی تعریف کرتا ہے، کل سے جو کچھ ہو رہا ہے اس سے واضح ہے کہ چیف جسٹس اور چیف الیکشن کمشنر ملے ہوئے ہیں، الیکشن فراڈ کو کور کرنے کیلئے اِن کو اپنے ججز چاہئیں، یہ چاہتے ہیں کہ سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کے ججز ان کے تابع ہو جائیں، اگلے چیف جسٹس کی تقرری کا اعلان کیا جائے، جسٹس منصور علی شاہ کو مکمل بیک کرتے ہیں۔