کراچی (سچ خبریں) تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے کورونا پابندیوں کے برخلاف کھولے جانے والے اسکولوں اور ان کے مالکان کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن نے حکومت سندھ کے فیصلے کے خلاف 23 اگست بروز پیر سے آؤٹ ڈور کلاسز کا اعلان کیا ہے جس کے بعد ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ اسکولز نے تمام پرنسپلز کو متنبہ کرتے ہوئے مراسلہ جاری کردیا ہے۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کورونا کی وبائی صورتحال کے پیش نظر تاحکم ثانی اسکول بند رکھنے کے حکومتی اعلان کے برخلاف تدریسی عمل جاری رکھنے والے نجی اسکولوں کی رجسٹریشن منسوخ کر دی جائے گی۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ نجی اسکولز انتظامیہ اساتذہ اور عملے کی ویکسی نیشن مکمل کرائے‘تعلیمی ادارے کھولنے سے قبل ایس او پیز پر عمل درآمد کے انتظامات مکمل کریں‘ محکمہ تعلیم سندھ کے فیصلے کے مطابق نجی تعلیمی ادارے تاحکم ثانی بند رہیں گے۔ علاوہ ازیں پرائیویٹ اسکولز ایکشن کمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ کے تاحکم ثانی تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کے فیصلے کو مسترد کردیا گیا۔
پرائیویٹ اسکولز ایکشن کمیٹی کے چیئرمین پرویز ہارون اور دیگر رہنماؤں ملک سردار، فیض احمد فیض، انور علی بھٹی، شہناز الہدیٰ، ڈاکٹر ارشد علی خان، شاکر شکور، انتصار غوری، معراج صدیقی، ڈاکٹر خالد محمود، یاسین ظفر، محمد انور نے اپنے خطاب میں سوال کیا کہ جب پورے پاکستان میں تعلیمی ادارے کھلے ہیں تو سندھ کے بچوں کو کیوں ان کے آئینی اور قانونی حق سے محروم رکھا جا رہا ہے؟ شرکا کا کہنا تھا کہ سندھ تعلیم میں پورے ملک میں سب سے پیچھے ہے اور ایک کروڑ سے زاید بچے پہلے ہی گز شتہ 2 سال سے اسکولوں سے باہر ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ہمارے 90 فیصد سے زاید اساتذہ کو ویکسین لگ چکی ہے جبکہ یقین دہانی کراچکے ہیں کہ باقی اسٹاف کو بھی ویکسین لگوانے کے بعد اسکول بلایا جائے گا لیکن سندھ حکومت من مانے فیصلے کر کے نافرمانی پر مجبورکررہی ہے‘ ہم وزیراعلیٰ سندھ کے حالیہ فیصلے کو یکسر مسترد کرتے ہیں لہٰذا تمام اسکول معمول کے مطابق کھلے رہیں گے‘ اگر اسکولوں کے خلاف کسی بھی قسم کی بزدلانہ کارروائی کی گئی تو بھر پور مزاحمت کی جائے گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ سندھ حکومت کے تعلیم دشمنی پر مبنی فیصلے کے خلاف بدھ کو پرائیویٹ اسکولز ایکشن کمیٹی کے رہنما کراچی پریس کلب کے باہر بھوک ہڑتال پر بیٹھیں گے۔
سندھ کے اسکولوں میں93 فیصد ٹیچنگ اسٹاف اور87 فیصد نان ٹیچنگ اسٹاف نے ویکسی نیشن کرالی۔ سندھ کے سرکاری و نجی اسکولوں میں کورونا ویکسی نیشن کے سرکاری اعداد و شمار جاری کر دیے گئے جس کے مطابق صوبے کے ایک لاکھ 18 ہزار 571 اساتذہ میں سے مجموعی طور پر ایک لاکھ 10990 اساتذہ نے ویکسین کرائی ہے ۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کراچی میں6 اضلاع کے 6025 پرائمری ٹیچرز میں سے 5855 نے ویکسی نیشن کرائی ہے جبکہ کراچی کے سکینڈری اسکولز کے 10070 ٹیچرز میں سے 9321 نے ویکسین کرائی ۔کراچی کے 6776 پرائمری اور سیکنڈری اسکول کے نان ٹیچنگ اسٹاف میں سے مجموعی طور پر 6725 نے ویکسی نیشن کا عمل مکمل کیا ۔