اسلام آباد (سچ خبریں) نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کی سمری وزیر اعظم آفس کو موصول کر دی ہے جسکے بعد تعیناتی کا اعلان آج متوقع ہے، وزیراعظم عمران خان 3 ناموں میں سے ایک کی منظوری دیں گے۔ناموں میں کورکمانڈرکراچی لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل سرفرازعلی اور چیف آف لاجسٹک اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل ثاقب ملک کے نام شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزارت دفاع نے ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کی سمری وزیراعظم آفس کو موصول کردی ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان آج سمری پردستخط کریں گے۔ذرائع نے کہا ہے کہ سمری میں ڈی جی آئی ایس آئی کیلئے 3 نام ارسال کئے گئے ہیں، جن میں کورکمانڈرکراچی لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل سرفرازعلی اور چیف آف لاجسٹک اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل ثاقب ملک کا نام شامل ہیں۔
وزیراعظم عمران خان آج تین ناموں میں سے ایک کی منظوری دیں گے، جس کے بعد نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کااعلان متوقع ہے۔گذشتہ روز وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی پر وزیراعظم اور آرمی چیف کے درمیان مشاورت مکمل ہوچکی ہے ،جس کے بعد نئے آئی ایس آئی چیف کی تقرری کا عمل شروع ہوچکا ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ایک بار پھر سول اور عسکری قیادت نے ثابت کیا کہ ملک کے استحکام، سالمیت اور ترقی کیلئے تمام ادارے متحد ہیں، نئے ڈی جی آئی ایس آئی کا تقرر وزیراعظم کی منظوری سے کیا جائے گا۔