لاہور ( سچ خبریں) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے یوم آزادی کے موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ تحریک پاکستان کے تمام شہداء کی بے مثال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، انہوں نے کشمیر اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت کشمیر کو پاکستان سے جدا نہیں کر سکتی۔
تفصیلات کے مطابقوزیر اعلی پنجاب کی جانب سے یوم آزادی پر جاری بیان میں کہا گیا کہ دنیا کی کوئی طاقت کشمیر کو پاکستان سے جدا نہیں کرسکتی۔انہوں نے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ کا شکر بجا لاتے ہیں ہمیں پاکستان جیسی بے مثال نعمت سے نوازا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ تحریک پاکستان کے شہداء کی بے مثال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
دوسری جانب گور نر پنجاب چوہدری محمد سرور نے جشن آزادی کے موقع پر جاری پیغام میں کہا کہ انشاء اللّٰہ وہ وقت دور نہیں جب کشمیر اور فلسطین بھی آزاد ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ الحمد للہ پاکستان کا دفاع مضبوط ترین ہاتھوں میں ہے، پاکستان کے پاس دنیا کی بہتر ین فوج ہے جو دشمن کو بھر پور جواب دیتی ہے۔
چوہدری محمد سرور نے کہا کہ یوم آزادی پر کشمیری اور فلسطینی عوام کی آزادی کیلئے دعا گو ہیں، انشاء اللّٰہ وہ وقت دور نہیں جب کشمیر اور فلسطین بھی آزاد ہوں گے۔انہوں نے اپنے پیغام میں یہ بھی کہا کہ عوام جشن آزادی پر کورونا ایس اوپیز کا بھی خاص خیال رکھیں۔