اسلام آباد: (سچ خبریں) پی ٹی آئی نے ایک غیر متوقع اقدام اٹھاتے ہوئے الیکشن کمیشن سے توہین الیکشن کمیشن کیس میں پارٹی چیئرمین عمران خان کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کی استدعا کردی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ درخواست عمران خان کے وکیل شعیب شاہین نے پی ٹی آئی چیئرمین کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت کرنے والے رکن سندھ نثار احمد درانی کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے 4 رکنی بینچ کے روبرو کی۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی جیل میں ہیں، جب تک ان کے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کیے جاتے اُس وقت تک وہ یہاں پیش نہیں ہوسکتے۔
بلوچستان سے الیکشن کمیشن کے رکن شاہ محمد جتوئی نے ریمارکس دیے کہ ہم چارج فریم کردیں گے، آپ کو اپنے دفاع میں جو پیش کرنا ہے وہ آپ کی مرضی ہے۔
نثار درانی نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم کی جانب سے پہلے شوکاز نوٹس کا جواب جمع کروایا جائے پھر الیکشن کمیشن پروڈکشن آرڈر جاری کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین نے پہلے الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہونے سے گریز کیا تھا اور اب خواہش کی جارہی ہے کہ ان کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے جائیں، دریں اثنا عدالت نے کیس کی سماعت 24 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔
پی ٹی آئی کے سابق رہنما فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت کے دوران ان کے وکیل نے الیکشن کمیشن بینچ کو بتایا کہ ان کے مؤکل بیماری کے باعث نہیں آسکے۔
اس پر الیکشن کمیشن کے رکن اکرام اللہ نے کہا کہ آپ نے یہ رویہ اپنا رکھا ہے کہ آپ یہاں حاضر نہیں ہوتے۔
بینچ کے سربراہ نے ریماکس دیے کہ اس معاملے پر مناسب حکم جاری کیا جائے گا۔
جب الیکشن کمیشن بینچ نے پی ٹی آئی کے سابق سیکریٹری جنرل اسد عمر سے ان کے مرکزی وکیل کی عدم موجودگی کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے کہا کہ وہ خود فورم کے سامنے موجود ہیں۔
اسد عمر نے کیس کی سماعت 24 اکتوبر تک ملتوی کرنے کی درخواست کی، ان کی درخواست پر الیکش کمیشن بینچ کے سربراہ نے ریمارکس دیے کہ اُس وقت تک فواد چوہدری کی صحت بھی بہتر ہو جائے گی اور آپ ان سے مل بھی سکیں گے، بعد ازاں عدات نے کیس کی سماعت 24 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔