راولپنڈی: (سچ خبریں) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے ڈونلڈ لو کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے سابق سفیر اسد مجید کا بیان دوبارہ ریکارڈ کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 20 گھنٹے گزر چکے لیکن اسد مجید نے کوئی بیان نہیں دیا، ڈونلڈ لو کے بیان پر اسد مجید کو اپنا مؤقف دینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ لو ان سب چیزوں سے پیچھے ہٹ رہے ہیں۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ مذاکرات کے دروازے ہمیشہ کھلے رہتے ہیں، بانی پی ٹی آئی کی رہائی کو مذاکرات سے مشروط نہیں کرتے، بانی پی ٹی آئی کے کیسز عدالتوں میں چل رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے مذاکرات نہیں کریں گے، ہمیں عدلیہ پراعتماد ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز جنوبی ایشیا کے لیے امریکی اسسٹنٹ سیکریٹری خارجہ ڈونلڈ لو نے امریکی ایوان نمائندگان کی کمیٹی میں بیان دیا تھا کہ سائفر سازش سراسر جھوٹ ہے، امریکا کا عمران خان حکومت کے خاتمے میں کوئی کردار نہیں ہے۔
ڈونلڈ لو نے کہا تھا کہ میں اس نکتے پر بہت واضح جواب دینا چاہتا ہوں، یہ الزامات، یہ سازشی تھیوری، جھوٹ ہے، یہ سراسر جھوٹ ہے، میں نے اس حوالے سے پریس رپورٹنگ کا جائزہ لیا ہے جسے پاکستان میں سائفر کہا جاتا ہے جو مبینہ طور پر یہاں کے سفارت خانے سے لیک ہونے والی سفارتی کیبل ہے۔