بجلی کے بھاری بلوں کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں تاجروں کی شٹرڈاؤن ہڑتال

🗓️

سچی خبریں:(سچ خبریں) مہنگائی اور بجلی کے زائد بلوں کے خلاف تاجروں کی جانب سے آج کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں شٹرڈاؤن ہڑتال کی جا رہی ہے۔

کراچی میں جماعت اسلامی کی اپیل پر ہڑتال اور احتجاج کے سبب مختلف علاقوں میں اہم سڑکیں بند ہیں، شہر کی مختلف سڑکوں پر مشتعل مظاہرین نے ٹائر جلا کا اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔

نیشنل ہائی وے، گلشن حدید، قائد آباد، پٹیل پاڑہ کے قریب جلاؤ گھیرائو کے سبب سڑکوں پر ٹریفک معطل رہی جبکہ گلشن حدید سے چلنے والی ریڈ بس سروس بھی معطل رہی، قائد آباد اور نیشنل ہائی وے پر موجود دکانیں اور ہوٹل بند کردیے گئے۔

شیرشاہ چوک پر ڈنڈا بردار مظاہرین نے شدید احتجاج کیا گیا، پولیس کی بھاری نفری موقع پر موجود رہی جبکہ ٹریفک کو متبادل راستوں کی جانب روانہ کردیا گیا، چوک پر ٹائر اور دیگر اشیا جلا کر سڑک بند کی گئی۔

لیاری اور چاکیواڑہ روڈ پر بھی احتجاج کیا گیا، پولیس حکام نے بتایا کہ شاہ لطیف ٹاؤن عبداللہ گوٹھ میں احتجاج کے دوران جلاؤ گھیراو میں ملوث ایک شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

پولیس حکام نے مزید بتایا کہ مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے اضافی نفری طلب کرلی ہے، 400 سے زائد مظاہرین موجود ہیں، جن کا تعلق مختلف گروپس سے ہے۔

ترجمان جماعت اسلامی زاہد عسکری نے بتایا کہ کراچی اور صوبہ سندھ کے دیگر حصوں میں پرامن شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کی جارہی ہے۔

انہوں نے ان دعووں کی تردید کی کہ ان کے کارکنوں نے غنڈہ گردی کا سہارا لیا یا ٹرانسپورٹرز اور دکانداروں کو کاروبار بند کرنے پر مجبور کیا، انہوں نے کہا کہ یہ پرامن ہڑتال ہے اور دکانداروں اور ٹرانسپورٹرز نے اضافی بلوں اور مہنگائی کے خلاف احتجاج کے لیے رضاکارانہ طور پر اپنا کاروبار بند کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کی تمام بڑی مارکیٹیں بند ہیں جبکہ سڑکوں پر ٹریفک بھی کم ہے، صوبہ سندھ کے دیگر اضلاع میں بازار صبح کے وقت کھلتے ہیں لیکن اطلاعات موصول ہورہی ہیں کہ وہاں بھی بازار بند ہیں۔

آل کراچی تاجر اتحاد کے سربراہ عتیق میر نے بتایا کہ ان کی تاجروں کی مرکزی تنظیم نے بجلی کے مہنگے بلوں کے خلاف جمعہ اور ہفتہ (آج) شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کیا ہے اور وہ کراچی میں ہڑتال کر رہے ہیں، تاہم انہوں نے جماعت اسلامی کی ہڑتال کی کال کی مخالفت نہیں کی۔

انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ انہوں نے دکانداروں سے کہا ہے کہ یہ ان پر منحصر ہے کہ وہ ہڑتال کا حصہ بنیں یا نہیں کیونکہ یہ دکانداروں کے لیے معاشی لحاظ سے کافی مشکل وقت ہے جنہیں نئے ماہ کے آغاز میں تنخواہیں اور دیگر اخراجات کی ادائیگی بھی کرنی ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فی الحال ان کی اطلاعات کے مطابق چھوٹی اور بڑی مارکیٹیں بند ہیں لیکن کراچی شہر کے کلچر کے مطابق بازار دوپہر 12 بجے کے بعد ہی کھلتے ہیں اس لیے ہڑتال کی کامیابی کا اندازہ دوپہر کو ہی ہوگا۔

نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے ہڑتال پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ نگران حکومتیں عوام کے مسائل سے بخوبی واقف ہیں، ہم سمجھتے ہیں کہ عوام مہنگائی کے باعث شدید پریشان ہیں،جس کا ہمیں احساس ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر عوام کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات کررہی ہیں، احتجاج سب کا جمہوری حق ہے لیکن احتجاج دوسروں کے لیے زحمت کا باعث نہیں بننا چاہیے۔

نگران وزیراعلیٰ سندھ نے مظاہرین سے عوام کی جان و مال کا خیال رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے انتظامیہ کو دہایت دی کہ احتجاج کو پُرامن بنانے کے لیے تمام تر ضروری اقدامات کیے جائیں۔

ڈپٹی مئیر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے کہا کہ پُرامن احتجاج کرنا ہر ایک کا جمہوری حق ہے، احتجاج کی آڑ میں سڑکیں بند کرنا اور املاک کو نقصان پہنچانا کسی صورت برداشت نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے شرپسند عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں، احتجاج کی آڑ میں شہریوں کو پریشان کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، پولیس عوام کے جان ومال کا تحفظ یقینی بنائیں۔

دریں اثنا خیبرپختونخوا کے علاقے ملاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں تاجروں اور ٹرانسپورٹرز نے بجلی کے زائد بلوں کے خلاف احتجاجاً مارکیٹیں اور ٹرانسپورٹ بند رکھنے کی حمایت کی۔

شانگلہ، بشام، الپوری، پورن، سوات، مینگورہ، خوازہ خیلہ، باری کوٹ، دیر تیمرگرہ، ورائی کے علاوہ ملاکنڈ، بٹ خیلہ اور درگئی سمیت متعدد مقامات پر تاجروں نے اپنے کاروبار بند رکھے۔

ہزارہ ڈویژن، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور اور دیگر علاقوں میں بھی ہڑتال کی گئی جہاں تاجروں نے اپنی دکانیں بند رکھیں اور ٹرانسپورٹرز نے اپنی گاڑیاں بند کردیں۔

شانگلہ ٹریڈ یونین کے صدر شجاعت علی نے افسوس کا اظہار کیا کہ ہر دور میں حکمرانوں نے ان کے کاروبار کو مسلسل نقصان پہنچایا۔

انہوں نے آئی ایم ایف جیسے عالمی اداروں سے کیے گئے معاہدوں پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ایسے معاہدے غریب طبقےکی زندگیوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں اور انہیں خودکشی کے دہانے پر دھکیل دیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے پاس ضلع بھر کی مارکیٹیں بند کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا کیونکہ ان کے پاس اب اپنے اہل خانہ کے لیے بجلی کے بل اور حتیٰ کہ بنیادی ضروریات کی استطاعت بھی نہیں رہی۔

ٹرانسپورٹ یونین کے صدر سلطان خان نے کہا کہ حکومت کے اقدامات نے ہمارے لیے ہڑتال کے سوا کوئی چارہ نہیں چھوڑا ہے، اب وقت آگیا ہے کہ حکومت کو عوام کے لیے ہمدردی کا مظاہرہ کرنے پر مجبور کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کے تمام وسائل ختم ہوگئے اور اب وہ اپنی قیمتی اشیا بیچنے پر مجبور ہوگئے، لوگوں کے پاس اب مایوسی اور خود کو نقصان پہنچانے کے خیالات کے سوا کچھ نہیں بچا۔

علاوہ ازیں جماعت اسلامی نے آج دوپہر کو ریلیوں اور احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری رکھنے کا منصوبہ بنایا ہے۔

ضلع بٹگرام میں جماعت اسلامی اور تاجر یونین کی کال پر شاہراہ قراقرم ’کے کے ایچ‘ کے ساتھ واقع ضلع کے مرکزی بازار میں تاجروں نے مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی بازار ویران نظر آئے۔

قبل ازیں جماعت اسلامی کا کثیر الجماعتی اجلاس ہوا جس میں تاجر یونین کے نمائندوں نے بھی شرکت کی، اجلاس میں موجودہ معاشی پالیسیوں، حکومتی اخراجات اور بجلی کے بلوں میں نئے ٹیکسوں کے نفاذ پر تنقید کرتے ہوئے حکومت کے خلاف احتجاج کرنے کا کہا گیا۔

اس موقع پر جماعت اسلامی کے رہنما انور بیگ نے کہا کہ سیاسی جماعتوں سے وابستگی سے بالاتر ہوکر اب یہ وقت حکومت کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کا ہے کیونکہ غریب لوگ بھوک سے مر رہے ہیں جبکہ حکومت ان کے نام بجلی کے مہنگے بل بھیج رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں ریکارڈ مہنگائی نے پاکستان کی معیشت، صنعتوں اور چھوٹے کاروباروں کو تباہ کر دیا، جس سے براہ راست اضافی دباؤ اور یومیہ اجرت پر اثر پڑ رہا ہے۔

خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں کاروبار بند ہونے کے باوجود پشاور میں ملا جلا ردعمل دیکھا گیا، کچھ علاقوں میں دکانیں بند رہیں جبکہ کئی دیگر علاقوں میں دکانداروں نے کاروبار جاری رکھا۔

مشہور خبریں۔

ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کی طرف سے نریندر مودی کے مقبوضہ کشمیر کے دورے کیخلاف ہڑتال کی حمایت

🗓️ 5 مارچ 2024سرینگر: (سچ خبریں) جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے کل جماعتی

صیہونیوں کی شیرین ابو عاقلہ کے قتل کے ذمہ داری قبول نہ کرنے پر قطر کی مذمت

🗓️ 6 نومبر 2022سچ خبریں:قطر کی حکومت نے اسرائیلی حکومت کی جانب سے الجزیرہ کی

عورت کو تحفوں سے زیادہ عزت کی ضرورت ہوتی ہے: زید علی

🗓️ 14 مارچ 2021اوٹاوا(سچ خبریں) یہ حقیقت ہے کہ عورت کو عزت کی بہت ضرورت

کشمیری ہر قیمت پر حق خودارادیت حاصل کریں گے، کل جماعتی حریت کانفرنس

🗓️ 25 مارچ 2023سرینگر: (سچ خبریں) کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارت

ہم روس پر مزید پابندیاں عائد کریں گے: بائیڈن سلامتی مشیر

🗓️ 5 اپریل 2022سچ خبریں: وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے پیر

صیہونی وزیر اعظم کا ایران کے بارے میں مغربی ممالک کو مضحکہ خیز مشورہ!

🗓️ 29 دسمبر 2021سچ خبریں:صیہونی وزیر اعظم نفتالی بینیٹ نے کل اسرائیلی فوج کے ریڈیو

اگر پاکستان کو بچانا ہے تو کیا کرنا ہوگا؟ عمران خان کی زبانی

🗓️ 10 جولائی 2024سچ خبریں: پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کا کہنا ہے

اداکار جاوید شیخ کا بچپن سے متعلق اہم  انکشاف

🗓️ 17 جولائی 2021لاہور( سچ خبریں) سینئر اداکار جاوید شیخ نے بچپن سے متعلق اہم 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے