اسلام آباد(سچ خبریں) وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات کو مسترد کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار وزیر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر کے یوم استحصال کے موقع پر کیا وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی قیادت میں دفتر خارجہ کے زیر اہتمام ریلی بھی نکالی گئی۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے یوم استحصال کے موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی قیادت میں دفتر خارجہ کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی، ریلی میں سیکریٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے افسران بھی شریک ہیں۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات کو مسترد کرتے ہیں، دنیا بھر میں موجود کشمیریوں نے اس اقدام کی مذمت کی۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی قیادت نے بھارتی اقدامات کو مکمل مسترد کیا۔
اس سے قبل یوم استحصال کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات کو 24 ماہ ہوگئے، پاکستان کشمیریوں کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے، عالمی برداری بھارت کو کٹہرے میں کھڑا کرے۔
انہوں نے کہا تھا کہ منصفانہ جدوجہد میں ناقابل شکست جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں، بھارت نے کشمیری کے عوام کی منفرد شناخت اس غلط فہمی میں ختم کرنے کی کوشش کی کہ وہ اس اقدام سے جذبہ حریت کو کچل دے گا مگر مودی حکومت کی کوشش ہمیشہ رائیگاں جائے گی۔
وزیر خآرجہ نے مزید کہا تھا کہ کشمیریوں کو استصواب رائے حق پر سمجھوتہ کرنے پر مجبور نہیں کیا جاسکتا، بھارت کے عزائم بری طرح ناکامی سے دو چار ہیں، بھارتی اقدامات کو کشمیریوں، پاکستان اور عالمی برادری نے مسترد کردیا۔