?️
اسلام آباد: (سچ خبریں) حکومت آج قومی اسمبلی میں شہریوں کے لیے ڈیجیٹل شناخت کے قیام کے لیے ایک بل پیش کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جس کا مقصد سماجی، معاشی اور گورننس ڈیٹا کو مرکزی بنانا ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری پیر کے اجلاس کے ایجنڈے میں بتایا گیا ہے کہ وزیر مملکت برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ ڈیجیٹل نیشن پاکستان بل 2024 پیش کریں گی۔
ایجنڈے میں کہا گیا ہے کہ یہ قانون سازی ’پاکستان کو ایک ڈیجیٹل قوم میں تبدیل کرنے میں مدد دے گی جس سے ڈیجیٹل سوسائٹی، ڈیجیٹل معیشت اور ڈیجیٹل گورننس کو ممکن بنایا جا سکے گا‘۔
وفاقی کابینہ نے معیشت کو ڈیجیٹائز کرنے اور ای گورننس کو فروغ دینے کے لیے جون میں بل کی منظوری دی تھی۔
ذرائع کے مطابق حکومت 2 نئے اداروں کے قیام کا ارادہ رکھتی ہے جن میں وزیراعظم کی سربراہی میں نیشنل ڈیجیٹل کمیشن (این ڈی سی) شامل ہے، جس میں چاروں وزرائے اعلیٰ اور اسٹیٹ بینک، ایف بی آر اور پی ٹی اے جیسے اداروں کے سربراہان شامل ہوں گے جبکہ دوسرا ادارہ پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی ہوگا جس کی سربراہی سرکردہ صنعتی ماہرین کریں گے۔
نئے نظام کی ایک اہم تجویز ہر شہری کے لیے ایک ڈیجیٹل شناخت ہے۔ اس میں کسی فرد کی صحت، اثاثوں اور دیگر معاشرتی اشاروں کے بارے میں اعداد و شمار شامل ہوں گے۔
حکام کے مطابق بل کا مقصد شناختی کارڈ، لینڈ ریکارڈ، برتھ سرٹیفکیٹ اور ہیلتھ ریکارڈ کا انتظام کرنے والے محکموں تک رسائی کو بہتر بنانا تھا۔
ڈیجیٹائزیشن کی کوششوں میں سرکاری محکموں کو بھی ہدف بنایا جائے گا، جنہیں خدمات کو بہتر بنانے کے لیے اہداف پر مبنی منصوبے دیے جائیں گے۔
ڈیجیٹل ماہر حبیب اللہ خان نے ڈان کو بتایا کہ ’اس بل کی بنیادی غرض گلوبل ڈیجیٹل کمپیکٹ کے مقصد کی حمایت کرنا اور پاکستان کے ڈیجیٹل پبلک انفرااسٹرکچر (ڈی پی آئی) کی تعمیر کو ممکن بنانا ہے۔
حبیب اللہ خان، جو ایک ڈیجیٹل ڈیزائن اسٹوڈیو پینمبرا کے سی ای او بھی ہیں، نے ڈی پی آئی کو ’ٹیکنالوجیز کی ایک اسٹیک‘ کے طور پر بیان کیا جس میں 3 اہم ڈیجیٹل سسٹمز بشمول ڈیجیٹل آئی ڈی، یونیورسل پیمنٹ انٹرفیس اور ڈیٹا ایکسچینج شامل ہیں۔
ڈی پی آئی ریسرچ میں مصروف رہنے والے حبیب اللہ خان نے کہا کہ یہ اسٹیک ممالک کو ’ڈیجیٹائزیشن کو تیز کرنے‘ اور دہائیوں تک ترقیاتی اقدامات کو تیز کرنے کے قابل بناتا ہے۔
اس سوال پر کہ اس پروگرام کے نفاذ کے لیے نئے اداروں کی ضرورت کیوں ہے جبکہ اسی طرز کے متعدد ادارے پہلے ہی کام کر رہے ہیں؟ حبیب اللہ خان نے کہا کہ اس پیمانے کی ڈیجیٹل تبدیلی، جس میں متعدد ادارے، محکمے اور باڈیز شامل ہیں، کوئی ایک وزارت نہیں کر سکتی۔
انہوں نے کہا کہ ’اقوام متحدہ کے ای گورننس انڈیکس میں سرفہرست 15 میں سے 11 ممالک میں قومی ڈیجیٹل تبدیلی کے لیے‘سپرا منسٹریل باڈی’ موجود ہے، اسی لیے ان اداروں کی ضرورت ہے’۔
انہوں نے ڈان کو بتایا کہ نیشنل ڈیجیٹل کمیشن ڈیجیٹل ایجنڈا کے حوالے سے رہنمائی کرے گا جبکہ ڈیجیٹل اتھارٹی، ڈی پی آئی کے قیام کے منصوبے پر عملدرآمد کرے گی۔
این ڈی سی اس منصوبے کی منظوری دے گا اور ڈی پی آئی پر مشتمل ان اہم ڈیجیٹل نظاموں کی تعمیر کے لیے ہر سطح پر ایگزیکٹو سپورٹ کو یقینی بنائے گا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں سپرا باڈیز منصوبہ بندی کے عمل کی قیادت کریں گی جبکہ اس پر عمل درآمد موجودہ ادارے کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ مثال کے طور پر ڈیجیٹل آئی ڈی اب بھی نادرا کے دائرہ اختیار میں رہے گا لیکن اسے اپ گریڈ کیا جائے گا اور اسے ڈیٹا ایکسچینج لیئر اور یونیورسل پیمنٹ انٹرفیس سے منسلک کیا جائے گا۔
اسی طرح نادرا، ایف بی آر، ایس ای سی پی، اسٹیٹ بینک، بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں، بینکس وغیرہ اسٹیک کو ڈیٹا فیڈ کریں گے۔
ان تجاویز میں سے ایک یہ ہے کہ ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے معیشت کو باضابطہ بنانے میں تیزی لائی جائے، ذرائع کے مطابق اس سے لوگوں کو بینک سے قرض حاصل کرنے اور سرکاری اسکیموں کا حصہ بننے میں مدد ملے گی۔
حبیب اللہ خان نے کہا کہ ان اقدامات سے غریبوں، اقلیتوں اور خواتین کی مساوی رسائی اور شمولیت کو یقینی بنایا جائے گا اور ایک مضبوط مسابقتی سفید معیشت تشکیل دی جائے گی۔
اس اقدام سے تعلیم اور صحت کی دیکھ بھال تک رسائی کو ’تیز ترین وسعت‘ ملے گی اور لوگوں کو معاشی مواقع سے منسلک کیا جائے گا جبکہ ڈیجیٹل ادائیگیوں میں بھی اضافہ ہوگا۔
اس منصوبے میں ایک ’سِوک لیب‘ کا بھی تصور پیش کیا گیا ہے تاکہ ’نوجوانوں کو ان کی تکنیکی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کی ترغیب دی جاسکے‘۔
ذرائع نے بتایا کہ یہ لیب صحت کی دیکھ بھال، تعلیمی ٹیکنالوجی، زرعی ٹیکنالوجی اور آب و ہوا کی تبدیلی کے شعبوں میں سرگرم مصنوعی ذہانت پر مبنی اسٹارٹ اپس کی مدد کرے گی۔
نیا ڈیجیٹل آئی ڈی پروگرام متحدہ عرب امارات، بھارت اور ایسٹونیا میں نافذالعمل اقدامات کی طرز پر ہوگا۔
ایسٹونیا، جسے ڈیجیٹل آئی ڈی پروگرام کے نفاذ میں عالمی فاتح سمجھا جاتا ہے، نے ہر شہری کے لیے الیکٹرانک آئی ڈی یا ای آئی ڈی کارڈ لازمی قرار دے دیا ہے۔
یہ نظام ایک ذاتی شناختی کوڈ پر مبنی ہے جو پولیس، صحت کے حکام، آبادی رجسٹر، آئی ڈی اور ٹیلی کام سروس جیسی مختلف خدمات تک رسائی حاصل کرنے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔
2002 میں ای آئی ڈی اسکیم کے نفاذ کے بعد سے ووٹنگ، ہیلتھ ریکارڈ، رہائشی اجازت نامے اور شادی جیسی خدمات کو ڈیجیٹل بنا دیا گیا ہے۔
اسی طرز کا ایک ڈیجیٹل نظام متحدہ عرب امارات میں ’یو اے ای پاس‘ کے نام سے کام کر رہا ہے، جو شہریوں اور رہائشیوں کو ’12 ہزار سرکاری، نیم سرکاری اور نجی اداروں‘ کی طرف سے پیش کردہ خدمات تک رسائی کے قابل بناتا ہے اور انہیں دستاویزات پر ڈیجیٹل دستخط کرنے کی سہولت مہیا کرتا ہے۔
تاہم ماہرین ڈیجیٹل حقوق نے اس بارے میں مزید وضاحت کا مطالبہ کیا ہے کہ حکومت مرکزی ڈیٹا سسٹم کو کس طرح محفوظ بنانے کا ارادہ رکھتی ہے۔
ڈیجیٹل حقوق کے ماہر اسد بیگ نے اس خیال کو سراہتے ہوئے ڈیجیٹل حقوق کی تنظیموں، تعلیمی اداروں اور دیگر شعبوں کے ساتھ کثیر شراکت داروں کے ساتھ تبادلہ خیال کا مطالبہ کیا۔
ڈیجیٹل شناخت سے متعلق قانون سازی کے لیے ایک کثیر اسٹیک ہولڈر فارمیٹ میں ہونا چاہیے، اسے جلد بازی میں پارلیمنٹ کے ذریعے آگے نہیں بڑھایا جا سکتا۔
دریں اثنا، حبیب اللہ خان نے ڈان کو بتایا کہ ڈیٹا اسٹیک ’لوگوں کو رضامندی کا اختیار دے گا کہ کون ان کا ڈیٹا استعمال کر سکتا ہے، ڈیجیٹل تحفظ پیدا کرے گا اور استحصال کو ختم کرے گا‘۔
علاوہ ازیں، قومی اسمبلی اجلاس کے ایجنڈے کے مطابق سینیٹ سے منظور شدہ نیشنل فرانزک ایجنسی بل 2024 بھی آج ایوان زیریں میں پیش کیا جائے گا۔


مشہور خبریں۔
صیہونی مقبوضہ علاقوں سے تاریخی فرار
?️ 22 نومبر 2025سچ خبریں: صیہونی ریاست کے اپنے شماریاتی بیورو کے سرکاری اعداد و شمار
نومبر
حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کی پابند ہے، قانونی ماہرین
?️ 4 اپریل 2023اسلام آباد: (سچ خبریں) قانونی ماہرین نے سپریم کورٹ کی جانب سے
اپریل
نیوزیلینڈ اور بھارت کے درمیان تجارتی معاہدے پر دستخط
?️ 22 دسمبر 2025نیوزیلینڈ اور بھارت کے درمیان تجارتی معاہدے پر دستخط نیوزیلینڈ اور بھارت
دسمبر
الیکشن کمیشن اور حکومت کی دوریاں کم ہو رہی ہیں
?️ 18 جولائی 2021اسلام آباد (سچ خبریں) الیکشن کمیشن اور حکومت کے مابین کشیدگی کم
جولائی
فرانسیسی حکومت کا مزید مساجد کو بند کرنے پر غور
?️ 5 اکتوبر 2022سچ خبریں:فرانس میں 24 مساجد کو بند کیے جانے کے باوجود فرانسیسی
اکتوبر
ایوارڈز تقریب میں جانے کا فائدہ نہیں ہوتا، سونیا حسین
?️ 10 اکتوبر 2023کراچی: (سچ خبریں) ماضی میں لکس اسٹائل ایوارڈز کی نامزدگیوں پر مایوسی
اکتوبر
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ماحولیاتی معاہدے کی منظوری وفاقی کابینہ کو ارسال
?️ 22 اپریل 2021اسلام آباد(سچ خبریں) گرین پاکستان اور گرین سعودی عرب معاہدے کے نکات
اپریل
نگران وزیر خارجہ کا افغان شہریوں کو بے دخل کرنے کے فیصلے کا دفاع
?️ 6 اکتوبر 2023اسلام آباد: (سچ خبریں) نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے غیر
اکتوبر