سچ خبریں:یمنی فوج نے سعودی عرب کے متعدد شہروں کو بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا۔
العالم نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق یمنی فوج نے سعودی عرب کے متعدد شہروں کو بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا جس کے بعد سعودی شہروں جیزان اور خمیس مشیط میں کئی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں ،رپورٹ کے مطابق کے مطابق آپریشن کے دوران سعودی عرب کے متعدد شہروں کو بیلسٹک میزائلوں اور یو اے وی سے نشانہ بنایا گیا ہے، اطلاعات کے مطابق الجزان ہوائی اڈے پر پروازیں معطل کر دی گئی ہیں اور متعدد طیاروں کو ہوائی اڈے پر اترنے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔
سعودی عرب سے وابستہ نیوز ذرائع نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ سعودی ایئر ڈیفنس نے ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی جانب پرواز کرنے والے دو ڈرونز کو روک کر مار گرایا،واضح رہے کہ صنعا نے ہمیشہ اس بات پر زور دیا ہے کہ جب تک یمنی عوام کے خلاف سعودی اتحاد کے حملے جاری رہیں گے وہ اتحادی افواج اور ان کے فوجی ٹھکانوں کے خلاف اپنی کارروائیاں جاری رکھے گا۔
یادرہے کہ سعودی عرب نے، امریکہ کے حمایت یافتہ عرب اتحاد کی سربراہی میں،چھ سال قبل یمن کے خلاف فوجی جارحیت کا آغاز کیا جس میں اس ملک کی زمینی، فضائی اور سمندری ناکہ بندی کر دی اور یہ دعویٰ کیا کہ وہ مستعفی یمنی صدر کو حکومت میں واپس لانے کی کوشش کر رہا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ فوجی جارحیت سعودی اتحاد کے کسی بھی اہداف کو حاصل نہیں کرسکی بلکہ صرف دسیوں ہزار یمنیوں کی ہلاکت اور زخمی ہونے، لاکھوں لوگوں کی نقل مکانی، ملک کے بنیادی ڈھانچے کی تباہی اور قحط اور وبائی امراض کا پھیلاؤ کا باعث بنی ہے۔