سچ خبریں:چین کی وزارت دفاع کے ترجمان نے خبردار کیا کہ اگر امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نے تائیوان کا دورہ کیا تو چینی فوج یقینی طور پر اس کا دندان شکن جواب دے گی۔
چین کی ژنہوا خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اس ملک کی وزارت دفاع کے ترجمان ٹین کیفی نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ چین چاہتا ہے کہ امریکہ تائیوان کی آزادی کی حمایت نہ کرنے کے اپنے وعدے کو پورا کرے،انہوں نے مزید کہا کہ اگر امریکی فریق اس خطہ کا دورہ کرنے پر اصرار کرتا ہے تو چینی فوج کسی بھی غیر ملکی مداخلت یا "تائیوان کی آزادی” کو ناکام بنانے کے لیے فیصلہ کن اقدامات کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ علیحدگی پسند ہے اور ہم چین کی قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں، سینئر چینی عہدہ دار نے مزید کہا کہ اگر پیلوسی تائیوان کا دورہ کرتی ہیں تو یہ متحدہ چین اصول نیز چین اور امریکہ کے درمیان تین مشترکہ اعلامیوں کی شقوں کی سنگین خلاف ورزی ہوگی نیز چین کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو شدید نقصان پہنچائے گی،اس کے علاوہ اس دورے سے چین اور امریکہ کے درمیان پائے جانے والے سیاسی تعلقات کو بھی شدید نقصان پہنچے گا جو دونوں ممالک کے لیے بہتر نہیں ہے۔