دبئی (سچ خبریں) یوم پاکستان پر متحدہ عرب امارات نے پاکستان سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے برج خلیفہ کو پاکستانی پرچم سے رنگ دیا جسے دیکھ کر لوگوں میں خوشی پیدا ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق 81 ویں یوم پاکستان کے موقع پر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی کے معروف اور بلند ترین ٹاور برج خلیفہ کو پاکستانی پرچم کے رنگ میں رنگ دیا گیا۔
متحدہ عرب امارات کی حکومت نے یوم پاکستان کے موقع پر پاکستان سے یکجہتی کے اظہار کیلئے خصوصی انتظامات کرتے ہوئےدبئی کے برج خلیفہ کو مخصوص ایل ای ڈی لائٹس کی مدد سے پاکستانی پرچم کی شکل دے دی جس سے دیکھ کر لوگ خوش ہو گئے۔
دوسری جانب یوم پاکستان کے موقع پر بھارتی صدر اور وزیراعظم نے تہنیتی پیغامات بھجوائیں ہیں، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ہم ہمسایہ ملک ہونے کے ناطے پاکستان کےعوام کے ساتھ خوشگوار تعلقات چاہتے ہیں۔
بھارتی وزیراعظم نریندرمودی نے وزیراعظم عمران خان کیلئے بھی خصوصی پیغام بھیجا ہے، انہوں نے کہا کہ یوم پاکستان پر پاکستانی عوام کو مبارکباد دیتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک میں خوشگوار تعلقات کیلئے اعتماد پر مبنی دہشتگردی اور دشمنی سے پاک ماحول اہم ہے۔
واضح رہے کہ یوم پاکستان کے موقع پر ہرسال برج خلیفہ پر پاکستانی پرچم روشن کردیا جاتا ہے جسے دیکھ کر پاکستان سمیت متعدد ممالک کے لوگ خوشی کا اظہار کرتے ہیں۔