تہران (سچ خبریں) ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے ایران کو خطے کی ایک مضبوط طاقت بتاتے ہوئے کہا کہ امریکہ خطے میں ایران کے اثر و رسوخ سے کافی ناراض ہے وہ شہید قاسم سلیمانی اور سپاہ قدس سے ناراض تھا، یہی وجہ ہے کہ امریکہ نے بزدلانہ طور پر قاسم سلیمانی کو شہید کردیا، سپاہ قدس نے مغربی ایشیا میں منفعلانہ سفارتکاری کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا۔
آیت اللہ خامنہ ای نے مزید کہا کہ ایران نے ملک کو مغربی ملکوں کے تسلط سے آزاد کرکے اس کو ایک خود مختار ملک میں تبدیل کردیا، مغربی ممالک بدستور ایران پر پہلے جیسا تسلط قائم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ایران کی پالیسیاں ان کی مرضی کے مطابق ہوں، یہی وجہ ہے کہ جب ایران، چین اور روس جیسے ملکوں سے تعلقات کو فروغ دینے لگتا ہے تو انہیں برا لگتا ہے۔
ایرانی سپریم لیڈر نے ایران اور ہمسایہ ملکوں کے درمیان تعلقات کے فروغ میں امریکیوں کی جانب سے ڈالی جانے والی رکاوٹوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ متعدد بار ایسا ہوا ہے کہ ہمسایہ ملکوں کے اعلیٰ رتبہ وفد کے دورہ ایران کی امریکہ کی جانب سے مخالفت کی گئی ہے۔
آیت اللہ خامنہ ای نے مزید کہا کہ ایران امریکہ اور دیگر ممالک کے مطالبات کے سامنے تسلیم نہیں ہوگا بلکہ پوری قوت کے ساتھ خارجہ تعلقات کو آگے بڑھائے گا۔