کیپسٹی چارجز میں کمی: کراچی سمیت ملک بھر کے صارفین کیلئے بجلی سستی ہونے کا امکان

کراچی: (سچ خبریں) حکومت کی جانب سے کیپسٹی چارجز میں کمی سے ملک بھر کے لیے بجلی سستی ہونےکا امکان ہے-

ڈان نیوز کے مطابق کراچی سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی کی قیمت میں کمی کی درخواست پرکل نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں سماعت کی جائے گی۔

بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی صارفین کو 52 ارب 12 کروڑ روپے سے زائد کا ریلیف دینے کے لیے درخواست نیپرا میں دائر کر رکھی ہے، بجلی کی قیمت میں فی یونٹ کتنی کمی ہوگی، اس حوالے سے فیصلہ نیپرا نے کرنا ہے۔

بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ اکتوبر تا دسمبر 2024 کی مد میں بجلی کی قیمتوں میں کمی کی درخواست نیپرا میں دی گئی ہے، ان کمپنیوں نے کیپیسٹی چارجز کی مد میں 50 ارب 66 کروڑ روپے، جب کہ ٹرانسمیشن اینڈ ڈسٹری بیوشن نقصانات کی مد میں 2 ارب 66 کروڑ روپے کی کمی مانگی ہے، تاہم آپریشنز اینڈ مینٹیننس کی مد میں صارفین سے 2 ارب 69 کروڑ روپے وصول کرنے کی درخواست بھی کی گئی ہے۔

حکومتی پالیسی گائیڈ لائنز کے مطابق ملک بھر میں بجلی کا یکساں ٹیرف برقرار رکھنے کے لیے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی ہوگا۔

نیپرا درخواست پر سماعت کے بعد فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوائے گی اور وفاقی حکومت کی منظوری سے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمتوں میں کمی کا نوٹی فکیشن جاری کیا جائے گا۔

امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق مارچ کے بلوں سے شروع ہوکر 3 ماہ کے لیے ہوگا، تاہم اس حوالے سے فیصلہ نیپرا کرے گی۔

یاد رہے کہ کراچی کے سوا ملک کے باقی ماندہ صارفین کے لیے نیپرا ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں مسلسل 5 بار بجلی سستی کر چکا ہے، اور چھٹی بار بجلی سستی کرنے کی درخواست پر نیپرا کا فیصلہ تاحال سامنے آنا باقی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے