اسلام آباد(سچ خبریں) دو دن قبل یعنی 13 جولائی کو چین سے 20 لاکھ کورونا ویکسین ڈوز کی کھیپ لائی گئی تھی تاہم چین سے کورونا ویکسین کی ایک اور بڑی کھیپ پاکستان منتقلی کے لیے تیار ہے، جو آج پاکستان پہنچ جائے گی رواں ماہ 85 لاکھ کرونا ویکسین ڈوز پاکستان لائی جا چکی ہیں۔
ذرائع کے مطابق چین سے 15 لاکھ سائنوویک ڈوز آج پی آئی اے کی ایک خصوصی پرواز کے ذریعے اسلام آباد پہنچائی جائیں گی، پاکستان نے یہ 15 لاکھ سائنوویک ڈوزز چینی کمپنی سے خریدی ہیں۔یاد رہے کہ دو دن قبل 13 جولائی کو چین سے 20 لاکھ کورونا ویکسین ڈوز کی کھیپ لائی گئی تھی، جب کہ رواں ماہ کرونا ویکسین کی تقریباً ڈیڑھ کروڑ ڈوز پاکستان پہنچائی جائیں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں ماہ 85 لاکھ کرونا ویکسین ڈوز پاکستان لائی جا چکی ہیں، چین سے 20 لاکھ سائنوفارم اور 40 لاکھ سائنوویک ڈوز لائی گئیں، اس کے علاوہ پاکستان کو رواں ماہ کوویکس سے بھی 25 لاکھ ڈوز موڈرنا ویکسین کی مل چکی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی خریدی ایک لاکھ فائزر ویکسین کی پہلی کھیپ رواں ماہ پہنچے گی، جب کہ رواں ماہ ہی پاکستان کو کوویکس سے آسٹرازینیکا کی دوسری کھیپ بھی ملے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 48 ہزار 910 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 2545 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 47 افراد انتقال کر گئے۔سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 5.2 فیصد رہی۔