?️
اسلام آباد: (سچ خبریں) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے چینی سرکاری میڈیا کو بتایا ہے کہ پاک بحریہ کو اگلے سال پہلی چینی ساختہ آبدوز فعال سروس (بحری بیڑے) میں شامل ہونے کی توقع ہے، 8 ہنگور کلاس آبدوزوں کی فراہمی کا معاہدہ 2028 تک مکمل ہوگا، یہ معاہدہ خوش اسلوبی سے جاری ہے۔
اتوار کو گلوبل ٹائمز میں شائع ہونے والے ایک انٹرویو میں ایڈمرل اشرف نے کہا کہ رواں سال کے آغاز میں چین میں دوسری اور تیسری آبدوزوں کا کامیاب لانچ دونوں ممالک کے درمیان بحری تعاون میں ایک بڑا سنگِ میل ہے۔
ایڈمرل اشرف نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف پاک بحریہ کی آبدوز فورس کی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے اہم ہے بلکہ ٹیکنالوجی کے تبادلے اور ہنرمندی کے فروغ کے ذریعے کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں خود انحصاری کو بھی فروغ دے گا۔
انہوں نے کہا کہ ٹائپ 054A/P فریگیٹس چین۔پاکستان بحری تعاون کی ایک اور بڑی کامیابی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق یہ کثیر المقاصد فریگیٹس پہلے ہی پاک بحریہ کے بیڑے کا حصہ بن چکی ہیں, ایڈمرل نوید اشرف کے مطابق، یہ جہاز جدید ترین سطح کے جنگی جہازوں میں شمار ہوتے ہیں۔
امیرالبحر نے مزید کہا کہ چینی ساختہ ان فریگیٹس نے بحریہ کی کثیر الجہتی مشن صلاحیتوں خصوصاً فضائی دفاع، آبدوز شکن کارروائیوں، اور سمندری نگرانی کے شعبوں میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پلیٹ فارمز شمالی بحیرہ عرب اور وسیع تر بحرِ ہند کے علاقے میں بحری تحفظ یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، جو عالمی معیشت کے لیے نہایت اہم ہے۔
چینی آبدوزوں کے معاہدے سے متعلق یہ تازہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے، جب پاکستانی فضائیہ نے مئی میں چینی ساختہ جے-10 لڑاکا طیارے کے ذریعے بھارت کے فرانسیسی ساختہ رافیل طیارے کو مار گرایا تھا۔
جوہری طاقت رکھنے والے دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان اس جھڑپ نے عسکری حلقوں کو حیران کر دیا تھا، اور یہ سوال اٹھایا تھا کہ آیا مغربی دفاعی سازوسامان، چینی متبادل سے بہتر ہے یا نہیں۔
رپورٹس کے مطابق، تقریباً 5 ارب ڈالر مالیت کے اس آبدوز معاہدے کے تحت پہلی 4 ڈیزل الیکٹرک اٹیک آبدوزیں چین میں تیار ہوں گی، جب کہ باقی آبدوزیں پاکستان میں اسمبل کی جائیں گی تاکہ ملکی تکنیکی صلاحیتوں میں اضافہ کیا جا سکے۔
پاکستان پہلے ہی چین کے وسطی صوبے ہوبئی کے ایک شپ یارڈ میں یانگ ژی دریا سے تین آبدوزیں لانچ کر چکا ہے۔
ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ چینی ساختہ پلیٹ فارم اور آلات قابلِ اعتماد، تکنیکی طور پر جدید اور پاک بحریہ کی آپریشنل ضروریات کے عین مطابق ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کارکردگی اور تکنیکی معاونت دونوں لحاظ سے پاک بحریہ کا تجربہ مثبت رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے جدید جنگ کے طریقے بدل رہے ہیں، غیر انسان بردار نظام، مصنوعی ذہانت، اور جدید الیکٹرانک وارفیئر جیسی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کی اہمیت بڑھتی جا رہی ہے، پاک بحریہ ان ٹیکنالوجیز پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے اور چین کے ساتھ تعاون کے مواقع تلاش کر رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹیٹیوٹ (ایس آئی پی آر آئی) کے اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ اسلام آباد طویل عرصے سے بیجنگ کا سب سے بڑا اسلحہ خریدار رہا ہے، اور 2020 سے 2024 کے دوران چین کی ہتھیاروں کی کل برآمدات کا 60 فیصد سے زیادہ حصہ پاکستان نے خریدا۔
چین۔پاکستان بحری تعاون کے مستقبل پر بات کرتے ہوئے ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ پاک بحریہ کا چین کے ساتھ تعلق گہری دوستی، باہمی احترام، اعتماد اور مشترکہ اسٹریٹجک مفادات پر مبنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آنے والی دہائی میں ہم توقع کرتے ہیں کہ یہ تعلق مزید مضبوط ہوگا، جس میں نہ صرف جہاز سازی اور تربیت بلکہ مشترکہ تحقیق، ٹیکنالوجی کا تبادلہ اور صنعتی تعاون بھی شامل ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جدید ٹیکنالوجی، غیر انسان بردار نظام، سمندری سائنسی تحقیق اور میری ٹائم انڈسٹری کی ترقی کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں، ہمارا مشترکہ ہدف ایک محفوظ اور مستحکم سمندری ماحول کو یقینی بنانا ہے، جو علاقائی امن اور خوشحالی کا ضامن ہو۔
چین پاک بحریہ کے جدید دور کے سفر میں ایک ‘قابلِ اعتماد شراکت دار’ رہا ہے۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ جدید فریگیٹس اور آبدوزوں کی شمولیت نے پاک بحریہ کی آپریشنل رسائی، کثیر الجہتی جنگی صلاحیت، اور دفاعی طاقت میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان پلیٹ فارمز کے ساتھ چین کے ساتھ مشترکہ تربیت اور مشقوں نے دونوں ممالک کی پیشہ ورانہ ہم آہنگی کو مزید مضبوط کیا ہے، اور یہ تعاون ’محض ہتھیاروں تک محدود نہیں بلکہ مشترکہ اسٹریٹجک نقطۂ نظر، باہمی اعتماد اور دیرینہ شراکت داری‘ کی عکاسی کرتا ہے۔


مشہور خبریں۔
فلسطین کے حامیوں کا فرانس اور اسرائیل کے درمیان فٹبال میچ کی منسوخی کا مطالبہ
?️ 5 نومبر 2024سچ خبریں:فلسطینی حامیوں نے فرانس کی فٹبال فیڈریشن کے دفتر کے باہر
نومبر
علی باقری حکومت کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے سربراہ
?️ 20 مئی 2024سچ خبریں: علی باقری کنی، سیاسی نائب وزیر برائے خارجہ امور اور ایران
مئی
الیکشن ملتوی کروانے کی ایک اور قرارداد سینیٹ میں جمع
?️ 14 جنوری 2024اسلام آباد: (سچ خبریں) 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات ملتوی
جنوری
حکومت کا بجٹ میں اشیائے خوردونوش پر 50 فیصد تک ٹیکس بڑھانے پر غور
?️ 14 اپریل 2025اسلام آباد: (سچ خبریں) وفاقی حکومت نے آئندہ بجٹ میں اشیائے خوردونوش
اپریل
48 گھنٹوں میں امریکی سپیشل فورسز کے تین فوجیوں کی خودکشی
?️ 30 ستمبر 2021سچ خبریں:امریکی میڈیا نے اس ملک کے 10 ویں ماؤنٹین وار ڈویژن
ستمبر
شہباز گِل پر تشدد کی انکوائری کیلئے آزادانہ پینل بنایا جائے، فواد چوہدری
?️ 20 اگست 2022اسلام آباد:(سچ خبریں)سابق وزیر اطلاعات اور رہنما پی ٹی آئی فواد چوہدری
اگست
ترکی میں معاشی بحران جاری
?️ 2 اپریل 2023سچ خبریں:ترک لیرا کے مقابلے یورو کی ریکارڈ توڑ شرح نے ظاہر
اپریل
میں امریکی تاریخ کا سب سے بڑا بے گناہ آدمی ہوں!:ٹرمپ
?️ 27 مارچ 2023سچ خبریں:ریاستہائے متحدہ کے سابق صدر نے 2024 کے صدارتی انتخابی مہم
مارچ