لاہور (سچ خبریں) تفصیلات کے مطابق اپوزیشن پر کڑی تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کو پی ڈی ایم کے بے وقت جلسوں میں کوئی دلچسپی نہیں ، پی ڈی ایم کا شیرازہ بکھر چکا ہے ، پی ڈی ایم پاکستان کی تاریخ کا ناکام ترین اتحاد ثابت ہوا ، عوام نے پہلے بھی بے مقصد جلسوں کو کوئی پذیرائی نہیں دی ، آج کا جلسہ بھی پہلے کی طرح ناکام رہے گا۔
اپنے ایک بیان میں وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی اورخوشحالی کے سفر پر گامزن ہے، یہ عناصر صرف پاکستان کی ترقی روکنا چاہتے ہیں ، ملک احتجاج کے ذریعے نہیں بلکہ محنت ، خدمت اور دیانت سے آگے بڑھتے ہیں، کسی کو عوامی خدمت کے سفر میں رخنہ نہیں ڈالنے دیں گے۔
یاد رہے کہ حکومت مخالف سیاسی اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) آج شہر قائد میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرے گا ، پی ڈی ایم آج کراچی کے باغ جناح میں جلسہ کرے گی جس کی تیاریاں بھی آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں ، جلسہ گاہ میں سیاسی قائدین کے لیے 25 فٹ اونچا اور 75 فٹ چوڑا اسٹیج بنایا گیا ہے ، شرکاء کے لیے ہزاروں کرسیاں بھی لگا دی گئی ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ جلسہ گاہ میں خواتین کے لیے بھی خصوصی حصہ بنایا گیا ہے اور اسٹیج کے ساتھ ہی خواتین کے لیے کرسیاں لگائی گئی ہیں ، خواتین کی کرسیوں سے آگے ڈنڈے لگائے گئے ہیں ، پی ڈی ایم کا جلسہ شام 4 بجے شروع ہو گا جس سے مولانا فضل الرحمان ، مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف ، آفتاب احمد خان شیرپاؤ اور پروفیسر ساجد میر سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنما خطاب کریں گے۔
ذرائع کے مطابق جلسے کی سکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور پولیس اہلکاروں کے علاوہ رضا کاروں کو بھی تعینات کیا گیا ہے ، جلسے کی سکیورٹی کے لیے پولیس کے 25 سینئر افسران، 65 ڈی ایس پیز اور 3748 اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے ، اس کے علاوہ ایس ایس یو کی 30 خواتین کمانڈوز سمیت 93 خواتین پولیس اہلکار بھی سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گی۔