لاہور (سچ خبریں) تفصیلات کے مطابق پاکستان میں ایک اور مقامی نجی ائیرلائن نے اپنے آپریشنز کے آغاز کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق وفاقی کابینہ نے نجی ائیر لائن کیو ائیر ویز کی منظوری دے دی ہے۔
کیو ائیر ویز کے حکام کے مطابق وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد کیو ائیرویز جلد ریگولر پبلک ٹرانسپورٹ لائسنس حاصل کرلےگی۔ بتایا گیا ہے کہ کیو ائیر لائن فلائٹ آپریشن کا آغاز 3 ائیر بس 320 طیاروں سے کرےگی۔ لائسنس کے اجراء کے 3سے 4ماہ میں اندرون ملک پروازوں کا آغازکردیا جائےگا۔
مزید بتایا گیا ہے کہ کیو ائیر لائن کو لائسنس ملنے سے ملک میں نجی شعبے میں چلنے والی ائیرلائن کی تعداد 4 ہو جائے گی۔ کیو ائیر سے قبل 3 مقامی نجی ائیرلائنز ملک میں اپنا فضائی آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔ واضح رہےکہ گزشتہ برس 3 نجی ائیرلائن فلائی جناح ، کیوایئر اور جیٹ گرین کی جانب سے پاکستان میں ریگولر پبلک ٹرانسپورٹ لائسنس کے حصول کے لیے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو درخواست دی گئی تھی، اعلان کیا گیا تھا کہ لائسنسن ملتے ہی ان کمپنیوں کی طرف سے پاکستان میں فضائی آپریشن شروع کردیا جائے گا۔
کیو ائیر اور فلائی جناح کی اسکروٹنی مکمل کرکے دونوں ایئرلائنز کے کیسز ایوی ایشن ڈویژن کوبھجوائے گئے تھے۔ جبکہ کچھ عرصہ قبل ملک کی نئی نجی ائیرلائن ائیرسیال بھی اپنے آپریشنز کا آغاز کر چکی۔