اسلام آباد: (سچ خبریں) وزیر اعظم شہباز شریف نے سیرتﷺ میوزیم کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے قیام سے عالمی سطح پر اسلامو فوبیا اور منفی پروپیگنڈے سے نمٹنے میں مدد ملے گی اور پاکستان مظلوم فلسطینی بہن بھائیوں کی مدد کے لیے ہر سطح پر تعاون کے لیے تیار ہے۔
وزیراعظم محمدشہبازشریف نے ہفتہ کو سیرت نبویﷺ کے بارے میں آگاہی اور نسل نو میں رسول اللہﷺ کی تعلیمات کے فروغ کے لیے تعمیر ہونے والے سیرت میوزیم رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسٰی کے ہمراہ سنگ بنیاد رکھا۔
اسلام آباد میں سیرتﷺ میوزیم کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیرتﷺ میوزیم کے قیام سے عالمی سطح پر اسلامو فوبیا اور منفی پروپیگنڈے سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسٰی کا دورہ پاکستان کا خیر مقدم اور شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مجھے آپ سے گفتگو کر کے یوں محسوس ہوتا ہے کہ آپ ہم سے بڑھ کر پاکستانی اور اسلام کے شیدائی ہیں۔
وزیر اعظم نے خادم الحرمین شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کے لیے تعاون پر ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سے سعودی عرب کے شاہی خاندان اور بھائیوں بہنوں کی محبت کو اہل پاکستان کبھی نہیں بھلا سکتے اور فیصل مسجد سے سیرت میوزم تک آپ کی محبتوں کے نشانات پاکستان بھر میں دیکھے جا سکتے ہیں۔
ان کا کہناتھا کہ حالیہ دورہ سعودی عرب کے دوران عمرہ کی سعادت حاصل ہوئی، ولی عہد محمد بن سلمان نے ہمارے پورے وفد کی بھرپور پذیرائی کی، انہوں نے کہا کہ پاکستان ان کے دل کے بہت قریب ہے اور پاکستان کے عوام کو بتائیے گا کہ ہم پاکستان کو کبھی اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ میں نے سعودی ولی عہد سے کہا کہ سعودی عرب ہر اچھے اور برے وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا اور دل کھول کر پاکستان کی مدد کی، ہم ان کے تعاون کے شکر گزار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ محمد بن سلمان نے کہا کہ ہم پاکستان کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ناصرف دعاگو ہیں بلکہ ہم چاہیں گے کہ پاکستان کی تجارت، صنعت، زراعت اور سرمایہ کاری میں آگے بڑھ کر ساتھ دیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ابھی ہم سعودی عرب سے واپس لوٹے ہیں اور جلد ہی سعودی عرب کا اعلیٰ سطحی وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا ، یہ سعودی حکومت اور عوام کی پاکستان کے ساتھ والہانہ محبت کی عکاس ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حضور اکرمﷺ کی ذات سے منسوب یہ منصوبہ اسلامو فوبیا کے ناپاک ایجنڈے کے خاتمے کا ذریعہ بنے گا، حضورﷺ کی شخصیت اور تعلیمات کا فروغ ہر وقت اور ہرزمانے کی ضرورت ہے لیکن موجودہ عہد میں اس کی ضرورت کئی گنا بڑھ گئی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند دہائیوں کے دوران ملک گیری کی ہوس اور وسائل پر قبضے کی جنگ کی وجہ سے ایک مذموم منصوبے کے تحت نظریاتی افراط وتفریق پیدا کر دی گئی ہے، اسی نظریاتی تصادم کے باعث بعض بدبخت حضور اکرمﷺ کی ذات مبارکہ کے بارے میں نامناسب طرز عمل اختیار کرتے ہیں اور اسلام اور مسلمانوں کے بارے میں گمراہ کن پروپیگنڈہ کرتے ہیں جس کے اثرات ہمارے معاشروں پر بھی مرتب ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ حضور اکرمﷺ کی ذات اور اسلام سے محبت کرنے والوں میں اس کا ردعمل پیدا ہوتا ہے، ایسا ردعمل مزاج اور رویے میں تلخی کا باعث بنتا ہے، اس پس منظر میں سیرتﷺ میوزیم دو پہلوئوں سے اہم خدمت سرانجام دے سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمان حضور اکرمﷺ کی سیرت طیبہ سے متعلق آگاہی حاصل کرسکتے ہیں، یہ میوزیم لوگوں کی تربیت کا باعث بنے گا جبکہ غیر مسلم بھی اس سے حضور اکرمﷺ کے بارے میں مکمل آگاہی حاصل کر سکیں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ یہ ایک عظیم منصوبہ ہے جو عالمی سطح پر غلط فہمیوں کے خاتمے کا ذریعے بنے گا، منفی پروپیگنڈے کا مثبت طریقے سے جواب مہیا کرے گا اور اس عظیم منصوبے کے لیے رابطہ عالم اسلامی اور اس کے سیکریٹری جنرل کے تعاون اور رہنمائی پر ان کا شکر گزار ہوں۔
انہوں نے کہاکہ اسرائیلی جارحیت کا شکار ہمارے فلسطینی بہن بھائی تاریخ کی بدترین صورتحال کا شکار ہیں، ان کی مدد وقت کا تقاضا ہے اور پاکستان اس سلسلے میں ہر سطح پر تعاون کے لیے تیار ہے۔