اسلام آباد (سچ خبریں) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی کرپشن سے متعلق رپورٹ پر وضاحت دی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی پوری رپورٹ نہیں آئی صرف اسکور بتایا گیا ہے، اس رپورٹ میں مالی کرپشن شامل نہیں اور رپورٹ مرتب کرنے تمام اداروں نے ریکنکنگ کو برقرار رکھاہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ کابینہ میں ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل رپورٹ پر بھی ڈسکشن کی گئی۔انہوں نے وضاحت دی کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ میں مالی کرپشن شامل نہیں بلکہ اسٹیٹ کیپچر اور قانون کی حکمرانی کے معاملے پر کیا گیا۔
فوادچوہدری کا کہنا تھاکہ ٹرانپیرنسی انٹرنیشنل کی پوری رپورٹ نہیں آئی صرف اسکور بتایا گیا ہے، رپورٹ مرتب کرنے والے تمام اداروں نے ریکنکنگ کو برقرار رکھا، صرف اکنامک انٹیلی جنس یونٹ نے اسکور کم کیا، خود دیکھ لیں پاکستان میں اس کا سربراہ کون ہے؟
لاہور ہائیکورٹ کے راوی اربن پراجیکٹ کالعدم قرار دینے پر وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھاکہ ہائیکورٹ نے فیصلہ کرنے میں ایک سال لگادیا، حکومت جو بھی پراجیکٹ بناتی ہے اس پر اسٹے آجاتا ہے، فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے 180 ممالک کا کرپشن پرسیپشن انڈیکس جاری کردیا جس کے مطابق پاکستان کرپشن رینکنگ میں 16 درجے اوپر چلا گیا اور کرپشن پرسیپشن انڈیکس میں پاکستان دنیا میں 140ویں نمبر پرآگیا۔