اسلام آباد ( سچ خبریں) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے صرف ایک دن میں پاسپورٹ جاری کرنے کا اعلان کر دیا، انہوں نے ایک دن میں پاسپورٹ کے اجراء سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب ہم ایک دن پاسپورٹ کے اجراء کی طرف جا رہے ہیں، ایک دن میں پاسپورٹ کے اجراءکی فیس دس ہزار روپے ہو گی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ صرف ایک دن میں پاسپورٹ جاری کرنے کی طرف جا رہے ہیں ،صرف 24گھنٹوں میں پاسپورٹ حاصل کیا جا سکے گا، جعلی شناختی کارڈز کی بہت زیادہ شکایات موصول ہوئی تھیں اس معاملے میں 136افراد کو نوکریوں سے برخاست کر دیا گیا ہے ،90انکوائریز میں 300کے قریب افراد کو چارج کیا گیا ہے۔
افغانستان سے پیدل آنے اور جانے والے افراد سے متعلق وزیر داخلہ نے کہا کہ افغانستان کے حالات انتہائی نازک ہیں ، ہم چاہتے ہیں کہ وہاں کے حالات اچھے ہوں ، ہمارے سارے ادارے بھی آن بورڈ ہوں اور اس کیلئے آن لائن ویزا بہتر سہولت ہے ، ویزا سٹیکر کے ساتھ ہم پرمٹ دے رہے ہیں ۔
شیخ رشید نے کہا کہ دور دراز کے علاقوں کیلئے بھی نادرا کی سہولت لا رہے ہیں ، ہم نے طور خم اور چمن پر بھی نادرا کی گاڑیاں کھڑی کر رکھی ہیں ، سکردو میں شناختی کارڈ کی سہولت دیں گے۔