لاہور(سچ خبریں) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ایک بار پھر اپوزیشن پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بد قسمتی سے اپوزیشن نے قومی مفادات کو بالائےطاق رکھا ہوا ہے۔ بہترین بجٹ پر اپوزیشن کا واویلا چور مچائےشورکے مترادف ہے۔
تفصیلات کے مطابق انہوں نے یہ بات اراکین صوبائی اسمبلی عائشہ نواز اور سید افتخارحسن گیلانی سے ملاقات میں کہی، وزیراعلیٰ پنجاب نے اپوزیشن کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ اپوزیشن کو عوامی مسائل سےکوئی سروکار نہیں، عوام کی جانب سے مسترد ٹولے کا کام صرف تنقید برائے تنقید کرنا رہ گیا ہے۔
عثمان بزدار نے اراکین اسمبلی سے ملاقات میں کہا کہ اپوزیشن تمام محاذوں پر ناکامی کے بعد بوکھلاہٹ کا شکارہے یہی وجہ ہے کہ اپوزیشن نےقومی مفادات کوبالائےطاق رکھا ہوا ہے، بہترین بجٹ پر اپوزیشن کا واویلا چور مچائےشورکے مترادف ہے۔
ملاقات میں اراکین صوبائی اسمبلی عائشہ نواز اور سید افتخار حسن گیلانی نے صوبائی بجٹ پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو مبارکباد دی، منتخب نمائندوں نےڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج کےلئےخطیر رقم مختص کرنے پر وزیراعلیٰ کی کاوشوں کو سراہا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ حکومتی اقدامات سے صوبے کی معیشت حقیقی معنوں میں مضبوط ہوگی، عام آدمی کو ریلیف اور سہولتیں دی گئی، بجٹ میں غریب اور کم وسیلہ طبقات پر کوئی بوجھ نہیں ڈالا گیا مگر اپوزیشن اتنے بہترین اور عوام دوست بجٹ کو پڑھےبغیر ہی تنقید کررہی ہے۔