اسلام آباد (سچ خبریں) وزیراعظم عمران خان نے کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت ریلیف کا دائرہ وسیع کرنے پر زور دیتے ہوئے مستحق خاندانوں کو غربت کی سطح سے نکالنے کیلئے تمام وسائل استعمال کرنے کی ہدایت کر دی جس میں کم آمدن خاندانوں کو سہولت دی جانےکا منصوبہ بھی شامل ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے وزیر خزانہ شوکت ترین اور معاون خصوصی عثمان ڈار کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں وزیراعظم عمران خان کو کامیاب پاکستان پروگرام کی تیاریوں پربریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے پروگرام کے تحت ریلیف کا دائرہ وسیع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا فلیگ شپ فلاحی پروگرام کے ذریعے کم آمدن خاندانوں کوسہولت دی جائے۔وزیر خزانہ شوکت ترین نے بتایا کہ منصوبےکوحتمی شکل دی جا رہی ہے،جلد ملک بھر میں لانچ ہوگا، لاکھوں خاندانوں کا ڈیٹا حاصل کیا جا رہا ہے، بڑے پیمانے پرریلیف دیا جائے گا۔
معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا مالی وسائل کیساتھ تکنیکی معاونت کی فراہمی کاطریقہ کار طےکیاجا رہا ہے، جس پر وزیراعظم نے ہدایت کی کہ مستحق خاندانوں کوغربت کی سطح سے نکالنے کیلئے وسائل استعمال کئے جائیں۔