اٹک(سچ خبریں) عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی میں ایک اور اہم قدم اٹھاتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے اٹک میں مدر اینڈ چائلڈ نامی 200 بستروں پر مشتمل اسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ جدید سہولتوں سے لیس اسپتال کی تعمیر میں چھ ارب روپے لاگت آئے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان آج مختصر دورے پر ضلع اٹک پہنچے، جہاں انہوں نے مدر اینڈ چائلڈ اسپتال کا سنگ بنیاد رکھا، اس موقع پر وزیر اعلیٰ عثمان بزدار اور صوبائی وزیر یاور عباس بخاری بھی ان کے ہمراہ تھے۔
وزیرِ اعظم عمران خان کو اس موقع پر تفصیلی بریفنگ میں بتایا گیا کہ جدید سہولتوں سے لیس اسپتال کی تعمیر میں چھ ارب روپے لاگت آئے گی۔حکومت پنجاب دو سو بستروں کا یہ اسپتال دو سال کی مدت میں مکمل کرے گی،منصوبے کی لاگت کی نصف رقم وفاقی حکومت نے صوبائی حکومت کو فراہم کی ہے۔
خیال رہے کہ مدر اینڈ چائلڈ اسپتال اٹک سمیت پنجاب بھر میں 5بڑے اسپتال بن رہےہیں ، اٹک کے اسپتال میں320 ملازمین کیلئے رہائشی مکان اورہاسٹل بھی ہوگا۔ وزیر اعظم دورے کے دوران اٹک کے منتخب نمائندوں اور تحریک انصاف کی مقامی قیادت سے ملاقات سمیت ایک عوامی اجتماع سے خطاب بھی کریں گے۔