اسلام آباد (سچ خبریں) ایک طرف وفاقی حکومت مہنگائی کنٹرول کرنے کے اقدامات کے اعلانات کر رہی ہے لیکن اس کے باوجود ملک بھر میں مہنگائی میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔ رواں ہفتے چینی، آٹا اور مرغی سمیت 17 اشیاء مزید مہنگی ہو گئیں۔ حالیہ ہفتے بھی مہنگائی کی شرح میں0.67 فیصد اضافہ ہوا۔
ادارہ شماریات کی جانب سے مہنگائی کی ہفتہ واررپورٹ جاری کر دی گئی ہے جس کے مطابق حالیہ ہفتے بھی مہنگائی کی شرح میں0.67 فیصد اضافہ ہوا۔اعداد و شمار کے مطابق حالیہ ہفتے چینی، آٹا، مرغی، لہسن، بیف، مٹن،کوکنگ آئل اور گھی سمیت 17 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 23 روپے 18 پیسے کا اضافہ ہوا جس سے مرغی کی فی کلو اوسط قیمت 199روپے 20 پیسے فی کلو اور چینی ایک روپے 76 پیسے فی کلو مزید مہنگی ہوئی جس کے بعد چینی کی اوسط قیمت 107 روپے 41 پیسے پر پہنچ گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 27 روپے 14 پیسے مہنگا ہونے کے بعد 1164 روپے 22 پیسے کا ہوگیا، دال مسور 7 روپے 22 پیسے،گھی کی فی کلو قیمت میں 3 روپے 18 پیسے، پیاز 3 روپے 18 پیسےاور لہسن 13 روپے 81 پیسے فی کلو مہنگا ہوا جبکہ انڈے 5 روپے 15 پیسے فی درجن مزید مہنگے ہوگئے۔
ادارہ شماریات کے مطابق رواں ہفتے 8 اشیائے ضروریہ بشمول ٹماٹر 89 پیسے فی کلو،کیلے فی درجن 4 روپے 62 پیسے، دال مونگ 2 روپے 63 پیسے اور آلو 28 پیسے فی کلو سستے ہوئے۔اعداد و شمار کے مطابق حالیہ ہفتے 26 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا جبکہ ہفتہ وار مہنگائی کی مجموعی شرح 12.53 فیصد ریکارڈ کی گئی۔