اسلام آباد(سچ خبریں)وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی حافظ طاہر اشرفی نے پورے عالم اسلام سے فلسطینیوں کی مدد کرنے کی گزارش کی ہے ان کاکہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے خادم حرمین شریفین سے رابطے ہوئے ہیں، غزہ میں اسرائیلی جارحیت جاری ہے اور خواتین اور بچے شہید کئے جا رہے ہیں۔
حافظ طاہر اشرفی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے اسلامی ممالک کے رہنماؤں سے رابطے کیے ہیں،اسرائیل کا غصہ اپنے ملک پر نکال کراملاک کا نقصان نہ پہنچائیں۔انہوں نے کہاکہ اسلامی تعاون تنظیم کا اجلاس بلایا گیا ہے، مسلم امہ کشمیر اورفلسطین کے معاملے پر آگے بڑھے گی۔
طاہر اشرفی نے مزید کہاکہ فلسطین پر بم گرائے جارہے ہیں، غزہ میں تشدد سے خواتین اور بچے شہید ہوئے ہیں۔ اس سے قبل وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی حافظ طاہر اشرفی نے آج جمعہ کے روز پورے ملک میں یوم فلسطین منانے کا اعلان کردیا۔اسلام آباد میں مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف فیصل مسجد کے باہر مظاہرہ ہوا جبکہ کوئٹہ میں بھی علمدار روڈ پر فلسطین کی حمایت میں احتجاج کیا گیا۔
علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے فلسطینی صدر محمود عباس سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، فلسطینی صدر اور وزیراعظم نے فلسطین کی موجودہ صورتحال پر گفتگو کی۔عمران خان نے مسجد اقصیٰ میں عبادت کے دوران اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی اور کہا کہ پاکستانی قیادت مشکل وقت میں فلسطینیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔