اسلام آباد(سچ خبریں) ‘آپ کا وزیراعظم آپ کے ساتھ’ عنوان کے تحت وزیر اعظم عمران خان نے لوگوں براہ راست بات چیت کی لیکن عمران خان کے اس پروگرام کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے ان پر شدید تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ اگر آپ کو بات ہی نہیں کرنی تھی تو اعلان کیوں کیا تھا اور کچھ نے لکھا کہ ڈائل کرنے کے بعد بھی نمبر نہیں ملا اور کسی نے فون ریسیو نہ کرنے کا گلہ کیا۔
ٹیلی فونک گفتگو میں وزیراعظم عمران خان نے عوام کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جواب دیے، اس سلسلے میں ایک ٹیلی فون نمبر بھی جاری کیا گیا تھا اور بیان میں بتایا گیا تھا کہ لائنیں 4 بجے سے کھول دی جائیں گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز یہ اعلان کیا گیا تھا کہ عمران خان پیر کی شام 4 بجے عوام سے ٹیلی فون پر بات کریں گے اور اس پروگرام کو ‘آپ کا وزیراعظم آپ کے ساتھ’ کا نام دیا گیا۔
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دور حکومت میں یہ پہلی مرتبہ دیکھنے میں آیا ہے کہ وزیراعظم نے براہ راست عوامی سوالات کا ٹیلی فون پر جواب دیے۔
بعد ازاں عوام نے وزیراعظم سے رابطے کے لیے آج شام 4 بجے ’0519210809‘ نمبر پر رابطہ کیا لیکن بعد ازاں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کال کنیکٹ نہ ہونے کی شکایت بھی سامنے آئی۔
پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ٹوئٹ کی گئی تھی کہ یہ پروگرام براہ راست نشر ہوگا تاہم بعد میں پی ٹی وی نے ٹوئٹ کیا تھا کہ اس پروگرام کو ریکارڈ کرلیا گیا ہے جسے ساڑھے 7 بجے نشر کیا جائے گا۔