اسلام آباد: (سچ خبریں) اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت کو مذکرات میں کوئی دلچسپی نہیں، عمران خان نے مذکراتی کمیٹی تشکیل دی ہے اور ہمیں مذاکرات کے لیے کسی کے پاس نہیں جانا، اگر کسی کو مذکرات کرنے ہیں تو کریں، ورنہ نہ کریں۔
ڈان نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما عمر ایوب نے پشاور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے القادر ٹرسٹ کیس میں کل دیر تک عدالت میں سماعت جاری رہی۔
انہوں نے کہا کہ عدالت کا وقت 3 یا 4 بجے تک ہے، سوال یہ ہے اتنی دیر تک سماعت کیوں جاری رہی جب کہ پی ٹی آئی کے کارکنان کو گنجائش سے زیادہ جیلوں میں رکھا ہوا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ہم کسی سے ڈرنے والے نہیں ہے، مذکراتی کمیٹی بانی پی ٹی آئی نے تشکیل دی ہوئی ہے لیکن لگتا ہے حکومت کو مذاکرات میں کوئی دلچسپی نہیں جب کہ ہمیں کسی کے پاس نہیں جانا، کسی کو مذکرات کرنے ہیں تو کریں نہیں تو نہ کریں۔
واضح رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کے لیے اپنی خدمات پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اختلافات ختم کرنے کے لیے بات چیت ضروری ہے اور اس کے لیے میرا دفتر ہر وقت حاضر ہے۔
بعد ازاں، مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی نے گزشتہ روز پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کو مشورہ دیا کہ ’ پہلے آپ خود یکسو ہوجائیں۔
انہوں نے کہا کہ 7 آدمی پہلے خود مل بیٹھیں کہ ہم کیا چاہتے ہیں، پھر وہ خان صاحب کے پاس چلے جائیں اور ان کو سمجھائیں، ہم سے مذاکرات سے پہلے خان صاحب سے مذاکرات کی ضرورت ہے، انہیں قائل کریں کہ اب کیا کرنا ہے’۔
وفاقی وزیر رانا تنویر نے کہا کہ پی ٹی آئی میں سنجیدگی نظر نہیں آتی اور اس کی وجہ یہ ہے کہ ایک وقت میں بانی پی ٹی آئی سمیت ان کے 6،6 بیانات آتے ہیں، جب ہمیں پتہ چلے گا کہ وہ ثمر آور گفتگو کرنے کے لیے تیار ہیں اور سنجیدہ رابطہ چاہتے ہیں تو ہم مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔