سچ خبریں: شارٹ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم ٹک ٹاک کی جانب سے وائرل مواد کی تیاری میں مدد کے لیے پاکستانی تخلیق کاروں اور نیوز پبلشرز کے لیے تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔
ٹک ٹاک کی جانب سے پہلے بھی پاکستان میں تربیتی پروگرامات کیے جاتے رہے ہیں لیکن اس بار صرف وائرل مواد کی تیاری اور اس کے پھیلائو میں مدد فراہم کرنے والے ٹولز کی تربیت کے لیے پروگرام منعقد کیا گیا۔
خبر رساں ادارے کے مطابق ٹک ٹاک کی جانب سے منعقد تربیتی پروگرام میں پاکستان بھر کے مواد تخلیق کاروں اور نیوز پبلشرز اداروں کے عہدیداروں سمیت مختلف افراد نے شرکت کی۔
تربیتی پروگرام میں کوک اسٹوڈیو سیزن 15 کی ٹیم سمیت ترک نشریاتی ادارے اور پاکستان کے معروف انٹرٹینمنٹ آن لائن پلیٹ فارمز کے عہدیداروں نے بھی اپنے تجربات سے مواد تخلیق کاروں کو وائرل مواد تیار کرنے کے ٹولز سکھائے۔
تربیتی پروگرام کے اختتام پر ینگ اسٹنرز بینڈ کی جانب سے پرفارمنس بھی کی گئی جب کہ ایک روزہ پروگرام کے دوران مواد تخلیق کاروں کو پلیٹ فارم کے الگورتھم اور ٹولز کو سمجھ کر مواد تیار کرنے کے ٹولز بتائے گئے۔
تربیتی پروگرام میں کیپ کٹ کے ٹولز بھی سکھائے گئے اور بتایا گیا کہ کس طرح کے ایڈیٹنگ ٹولز مواد کو وائرل کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔