صنعا (سچ خبریں) یمن نے سعودی عرب کو حج کا انتظام کرنے کے لیئے اہم پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ صنعا اس سال بالکل مفت میں حج کے تمام انتظامات کرنے کے لیئے تیار ہے۔
تفصیلات کے مطابق یمنی سپریم انقلابی کمیٹی کے سربراہ نے کہا کہ اگر سعودی بادشاہ چاہے تو صنعا اس سال حج کے تمام انتظامات کے لئے ریاض کے ساتھ معاہدے پر دستخط کرنے کے لیئے تیار ہے تاکہ دنیا میں کوئی بھی اس فرائض سے محروم نہ رہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے کو سعودی وزرائے صحت اور حج نے اعلان کیا تھا کہ رواں سال مجموعی طور پر 60 ہزار شہریوں اور رہائش پذیر افراد کو حج ادا کرنے کی اجازت دی جائے گی۔
بیان میں زور دیا گیا تھا کہ حج کی سعادت حاصل کرنے کے خواہش مند شخص کا کسی بھی لاعلاج مرض میں مبتلا نہ ہونا، عمر 18 سے 65 سال کے درمیان ہونا اور سعودی عرب کے ویکسی نیشن اقدامات کے مطابق ویکسینیٹڈ ہونا ضروری ہے۔
یمنی سپریم انقلابی کمیٹی کے سربراہ، محمد علی الحوثی نے ٹویٹر پر اس کے جواب میں لکھا تھا کہ ہم اس سال حج کے تمام انتظامات کے لئے ریاض کے ساتھ معاہدے پر دستخط کرنے کے لیئے تیار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر سعودی عرب تیار ہو تو ہم تمام انتظامات کے ساتھ ساتھ ہر اس عازمین حج کو معاوضہ دینے کے لیئے بھی تیار ہیں جو کورونا میں مبتلا ہوجائے اس سے فوت ہوجائے۔
علی الحوثی نے مزید کہا کہ ہم مفت میں حج کا انتظام کرنے کے لئے تیار ہیں اور تمام آمدنی سعودی عرب کو ہی دی جائے گی، ہمصرف یہ چاہتے ہیں کہ کوئی بھی شخص حج سے محروم نہ رہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ (اتوار) کو یمنی وزارت ہدایت اور حج امور نے ایک بیانیہ جاری کرتے ہوئے سعودی عرب کی جانب سے دوسرے ممالک کے مسلمانوں کو حج ادا کرنے سے روکنے پر سعودی حکومت کی شدید مذمت کی تھی۔
بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ سعودی حکومت کا یہ فیصلہ اس واضح کردار کے فریم ورک کے اندر ایک منظم کارروائی ہے جو یہ حکومت امریکی منصوبے اور صیہونی حکومت کی خدمت میں ادا کررہی ہے۔
یمنی وزارت ہدایت نے کہا تھا کہ سعودی حکومت کو حج پر پابندی لگانے کے بجائے غیر ملکی حجاج کے لئے صحیح منصوبے اور بہتر اقدامات کرنے چاہیئے۔