رام اللہ (سچ خبریں) ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اسرائیلی پولیس کے جرائم کے بارے میں اہم انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی پولیس نے مقبوضہ علاقوں اور مقبوضہ بیت المقدس میں فلسطینیوں کے خلاف متعدد جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جرائم کے بارے میں جمعرات کی شب جاری ہونے والی ایک رپورٹ میں، ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ اسرائیلی پولیس نے مقبوضہ علاقوں اور غزہ میں اور مقبوضہ بیت المقدس میں مظاہرین کے خلاف بڑے پیمانے پر نظربندی اور غیر قانونی طاقت کے استعمال سمیت امتیازی سلوک اور نسل پرستانہ کریک ڈاؤن کیا ہے۔
اس رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ صیہونی حکومت کی پولیس نے ان فلسطینیوں کی حمایت کرنا بھی بند کردی ہے جن کے پاس اسرائیلی شہریت ہے اور یہودی آبادکاروں کے حملوں سے انہیں بالکل بھی نہیں بچایا جارہا ہے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپنی رپورٹ میں مزید کہا ہے کہ یہودی آبادکاروں نے 13 مئی سے اب تک 90 فلسطینی گاڑیوں کو نقصان پہنچایا ہے اور وہ بار بار فلسطینیوں کو ان کے گھروں کے اندر پتھراؤ کر چکے ہیں۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل کے نائب ڈائریکٹر برائے مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے ریجنل آفس صالح حجازی نے کہا کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے جمع کردہ شواہد سے یروشلم اور مقبوضہ علاقوں میں فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی پولیس کی زیادتی اور بربریت کی عکاسی ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ امتیازی سلوک اور نسل پرستانہ حملے اور انتقامی کارروائیاں ہیں جن کا مقصد فلسطینیوں کے مظاہروں کو کچلنا اور فلسطینی عوام پر اسرائیل کے منظم امتیازی سلوک اور ظلم و ستم کی کھلم کھلا مذمت کرنے والوں کی آوازوں کو دبانا ہے۔