سچ خبریں:مغربی کنارے میں نابلس کے مشرق میں واقع ایک کیمپ پر صیہونی فوج کے حملے کے نتیجے میں کم سے کم تین فلسطینی نوجوان شہید اور چھ زخمی ہو گئے۔
وفا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق صیہونی فوجیوں نے آج صبح مغربی کنارے کے شہر نابلس کے مشرق میں واقع بلاطہ کیمپ پر فوجی ساز و سامان اور کچھ بلڈوزروں کے ساتھ حملہ کیا، صہیونی فوجیوں کے حملے کے بعد اسنائپرز نے گھروں کی چھتوں سے فلسطینی شہریوں پر گولیاں برسائیں۔
یاد رہے کہ ان صہیونی اسنائپرز کی فائرنگ کے دوران کم از کم تین فلسطینی نوجوان جن کے نام فتحی جہاد عبدالسلام رزق (30 سال)، عبداللہ یوسف محمد ابو حمدان (24 سال) اور محمد بلال محمد زیتون (32 سال) شہید ہوگئے،ان تین نوجوان فلسطینیوں کی شہادت کے علاوہ کم از کم چھ دیگر فلسطینی زخمی ہوئے۔
واضح رہے کہ صہیونی فوجیوں نے ایمرجنسی گاڑیوں پر بھی رحم نہ کیا اور ان پر گولیاں برسائیں، یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے مشرقی نابلس میں واقع عسکر کیمپ پر صہیونی فورسز کے حملے میں ایک فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے تھے جبکہ گزشتہ روز مقامی ذرائع نے نابلس کے جنوب میں صیہونی مخالف آپریشن اور ایک صیہونی فوجی کے زخمی ہونے کی اطلاع دی۔
عبرانی ذرائع نے اتوار کو اعلان کیا کہ اس حکومت کا ایک فوجی زخمی ہوا ہے، رپورٹ کے مطابق نابلس کے جنوب میں حوارہ کے قریب اس صیہونی فوجی کو ایک کار نے ٹکر مار دی، ذرائع نے مزید بتایا کہ ایک فلسطینی نے اپنی کار صیہونی فوجی پر چڑھا دی۔