سچ خبریں:مشرقی شام میں اس ملک کی سب سے بڑی تیل فیلڈ میں واقع امریکی فوجی اڈے کو راکٹ حملوں سے نشانہ بنایا گیا۔
اسپوٹنک خبر رساں ایجنسی نے ایک بریکنگ نیوز میں بتایا ہے کہ مشرقی شام میں تیل کی سب سے بڑی فیلڈ میں واقع امریکی فوجی اڈے کو راکٹوں سے نشانہ بنایا گیا ہے، تاہم بیس اور ممکنہ نقصان نیز حملوں کی ذمہ دار پارٹی کے بارے میں مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔
یاد رہے کہ العمر آئل فیلڈ میں واقع امریکی اڈے کو، جو مشرقی شام میں امریکی فوجیوں کا اڈا ہے، کو بھی گزشتہ جولائی میں ایک میزائل سے نشانہ بنایا گیا تھا،اس حملے سے مادی نقصان ہوا اور آئی ایس آئی ایس کے خلاف بین الاقوامی اتحاد اور سیریئن ڈیموکریٹک فورسز کی افواج کو چوکنا کر دیا گیا۔
قبل ازیں خبر رساں ذرائع نے عراق اور شام کی سرحد کے قریب صوبہ دیر الزور میں کینیکو آئل فیلڈ کے اندر امریکی اتحاد کے اڈے پر راکٹ حملے کی اطلاع دی تھی، ذرائع نے زور دے کر کہا کہ چار میزائل براہ راست کینیکو بیس پر گرے جبکہ حملے کے بعد بڑی تعداد میں امریکی اتحادی طیاروں نے معزّل اور العزبہ کے علاقے پر پروازیں کیں۔
واضح رہے کہ امریکی افواج شام میں کئی فوجی اڈوں پر تعینات ہیں، جن میں سب سے اہم العمر آئل فیلڈ اور دیرالزور میں کینیکو گیس فیلڈ نیز جنوب مشرقی شام میں التنف کے قریب ہیں جبکہ شامی حکومت بارہا کہہ چکی ہے کہ وہ اپنی سرزمین سے امریکی قبضہ ختم کر دے گی۔