سچ خبریں:سعودی ذرائع ابلاغ نے اس ملک کے حکام کی جانب سے شام کے صدر بشار الاسد کو ریاض میں ہونے والے عرب رہنماؤں کے آئندہ اجلاس میں شرکت کی باضابطہ دعوت دینے کے عزم کی اطلاع دی ہے۔
روئٹرز خبر رساں ادارے نے اتوار کو سعودی ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ سعودی حکام شام کے صدر بشار الاسد کو ریاض میں ہونے والے عرب سربراہی اجلاس میں شرکت کی دعوت دینے پر غور کر رہے ہیں۔
اس رپورٹ کے مطابق اسی سلسلہ میں سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان آنے والے دنوں میں دمشق کا دورہ کرنے والے ہیں جہاں وہ بشار الاسد کو ذاتی طور پر دعوت نامہ پیش کریں گے۔
یاد رہے کہ عرب رہنماؤں کا اگلا اجلاس 19 مئی کو ریاض میں ہونے والا ہے،امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے بھی اس اتوار کو اپنی ایک رپورٹ میں لکھا ہے کہ مصر اور شام کے صدور عبدالفتاح السیسی اور بشار الاسد اس ماہ کے آخر میں ملاقات کریں گے۔
قابل ذکر ہے کہ شامی حکومت کو گرانے کے لیے دہشتگردوں کی بھرپور حمایت کرنے والے بعض عرب ممالک جب اپنی تمام تر کوششوں میں ناکام ہوئے تو انہوں نے اپنا نقطۂ نظر بدلا اور اس ملک کی قانونی حکومت کے قریب ہونے کی کوشش کر رہے ہیں جیسا کہ عرب لیگ میں بھی شام کی واپسی پر غور کیا جا رہا ہے۔