سچ خبریں:سعودی اتحاد کے حملوں میں چھوڑے گئے کلسٹر بم پھٹنے سے 10 یمنی بچے زخمی اور ایک شہری شہید ہوا۔
سبا نیٹ خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق صنعاء حکومت سے منسلک سینٹر فار ڈیمائنگ اینڈ کلیئرنگ وار زونز نے ایک بار پھر اپنے بیان میں اعلان کیا ہے کہ سعودی اتحاد کے حملوں میں پھینکے گئے کلسٹر بموں کے پھٹنے سے بچے کھیلتے ہوئے زخمی ہوئے ہیں،رپورٹ کے مطابق اس بیان میں کہا گیا ہے کہ یمن کے مغرب میں واقع صوبہ الحدیدہ کے علاقے الجاہ میں کھیلتے ہوئے10 بچے کلسٹر بم دھماکے سے زخمی ہوگئے۔
اسی دوران یمن کے جنوب میں صوبہ البیضا کے علاقے نعمان میں بھی سعودی اتحاد کے حملوں سے بچ جانے والے بم کے دھماکے میں ایک شہری شہید ہو گیا، یمن کے جنگی علاقوں میں بارودی سرنگوں کو صاف کرنے کے مرکز نے مزید کہا کہ سعودی اتحاد کے حملوں سے بچ جانے والے بموں کے دھماکے روزانہ کی بنیاد پر ہوتے ہیں جبکہ بین الاقوامی اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے سامنے یمن نے بارہا درخواست کی ہے کہ وہ ان بموں کو بے اثر کرنے کے مناسب وسائل فراہم کرے،تاہم انہوں نے اس سلسلہ میں ہماری مدد نہیں کی۔
اس بیان کے مطابق اقوام متحدہ نے یمن کے مائننگ سینٹر کو مطلع کیا ہے کہ سعودی اتحاد نے صنعا کی حکومت کو ڈیمائننگ اور ڈیمائننگ آلات فراہم کرنے پر اتفاق نہیں کیا ہے۔