سچ خبریں:اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اپنے خطاب میں چینی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سیاسی مقاصد کے لیے جمہوریت اور انسانی حقوق کا غلط استعمال نہیں ہونا چاہیے۔
چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا کہ ہمیں جنگوں کو روکنے اور امن قائم کرنے کے لیے اقدامات کرنے چاہیے، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی ملک پر دھونس جمانا اور طاقت کا غلط استعمال ناقابل قبول ہے، چینی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ سیاسی مقاصد کے لیے جمہوریت اور انسانی حقوق کا غلط استعمال نہیں ہونا چاہیے۔
وانگ یی نے کہا کہ ہم نے سپلائی چین کو فعال رکھنے کی کوشش کی جبکہ چین عالمی معیشت کی سالانہ ترقی میں 30 فیصد کا حصہ دار ہے، انہوں نے مزید کہا کہ چین دنیا کے 130 سے زیادہ ممالک کا اہم تجارتی شراکت دار ہے اور اسے عالمی معیشت کی اہم قوت سمجھا جاتا ہے۔
چین کے وزیر خارجہ نے زور دے کر کہا کہ کوئی ملک دوسرے ملک سے بالاتر نہیں ہے اور کسی بھی ملک کو دوسرے ممالک پر دھونس جمانے کا حق نہیں ہے اور نہ ہی کسی کو اپنی طاقت کا غلط استعمال نہیں کرنا چاہیے۔
یوکرین بحران کے پرامن حل کی حمایت کرتے ہوئے وانگ یی نے مزید کہا کہ چین ان تمام کوششوں کی حمایت کرتا ہے جو یوکرین کے بحران کے پرامن حل کی طرف لے جائیں۔