سچ خبریں:امریکی معاون وزیر خارجہ برائے مغربی ایشیائی امور نے کہا ہے کہ بحرین ممکنہ طور پر جلد ہی اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات دوبارہ شروع کردے گا۔
امریکی معاون وزیر خارجہ برائے مغربی ایشیائی امور باربرا لیف نے کل منگل کو دعویٰ کیا کہ بحرین ممکنہ طور پر اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات جلد دوبارہ شروع کر سکتا ہے۔
درایں اثنا کہ حال ہی میں بعض ذرائع ابلاغ نے اسلامی جمہوریہ ایران اور بحرین کے درمیان مذاکرات کے حوالے سے قیاس آرائیاں کی ہیں، لیف نے بھی کہا ہے کہ تہران اور منامہ کے درمیان تعلقات جلد دوبارہ شروع ہو جائیں گے۔اس حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں یہ جلد ہو جائے گا۔
واضح رہے کہ لیف کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جبکہ اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنانی نے اپنی ہفتہ وار نیوز کانفرنس میں تہران اور منامہ کے درمیان تعلقات کی صورتحال کے بارے میں کہا کہ بحرین نے تہران اور منامہ کے درمیان تعلقات کے سلسلے میں اپنی تیاری کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم تمام اسلامی ممالک اور خطے کے ساتھ تعلقات بڑھانے میں دلچسپی رکھتے ہیں، یاد رہے کہ اپریل کے شروع میں بعض باخبر بحرینی ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ عرصے میں ایران کی وزارت خارجہ کے ایک وفد نے بحرین کا دورہ کیا جس میں یہ طے پایا تھا کہ ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی کے دورہ سعودی عرب کے بعد مذاکراتی ملاقاتیں ہوں گی اور اس کے بعد ایران اور بحرین کے درمیان دوروں کا تبادلہ شروع ہو جائے گا۔