سچ خبریں:پنجشیر فرنٹ کے رہنما احمد مسعود کا کہنا ہے کہ میں نے بارہا امریکی سفیروں ، نمائندوں اور خود زلمے خلیل زاد سے کہا ہے کہ آپ نے افغانستان کے لیے جو ورژن تیار کیا ہے وہ اس ملک کے لوگوں کی تباہی کا باعث ہے۔
پنجشیر فرنٹ کے رہنما احمد مسعود نے بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے افغانستان کی موجودہ سیاسی اور سماجی صورتحال پر بات کی، اس گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اگر افغانستان میں سیاسی استحکام قائم نہ ہوا تو دہشت گرد گروہ ایک بار پھر اس ملک کے حالات اور سرزمین کو استعمال کرتے ہوئے دنیا کے ممالک کو نشانہ بنائیں گے اور اگر افغانستان کی صورتحال پر توجہ نہ دی گئی تو یہ مسئلہ خطے کے ممالک تک پھیلے گا۔
مسعود نے کہا کہ افغانستان میں جلد از جلد ایک ایسی فوج تیار ہونی چاہیے جو افغان عوام سے قانونی حیثیت حاصل کرے ،انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ افغان بحران کو سیاسی مذاکرات کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے نہ کہ جنگ سے، لیکن ان کے بقول، طالبان کو ابھی تک اس کا یقین نہیں ہے۔
انہوں نے پنجشیر فرنٹ کی فورسز کی تعداد 3 ہزار سے زائد بتاتے ہوئے کہا کہ اس محاذ کا اگلا منصوبہ طالبان کے کنٹرول سے بعض علاقوں کو چھڑانے کے لیے آپریشن شروع کرنا ہے۔