سچ خبریں:افغانستان کے شہر قندوز کی شیعہ مسجد پر داعش کے حملے کے صرف ایک ہفتے بعد آج جمعہ کو قندھار کی شیعہ مسجد پر اسی طرح کا حملہ دیکھنے کو ملا ہے جس میں اب تک 62 افراد کےشہید اور 70 کےزخمی ہونے کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔
اسپوٹنک نیوزایجنسی کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کے صوبہ قندھار میں ایک شیعہ مسجد کے قریب دھماکہ ہوا، کہا جاتا ہے کہ یہ ایک خودکش حملہ تھا اور اس میں بھاری مقدار میں جانی نقصان ہوا۔
الجزیرہ چینل نے افغانستان کے سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ قندھار کی شیعہ مسجد میں نماز جمعہ کے دوران ہونے والے دھماکے میں کم از کم 62 افراد شہید اور 70 زخمی ہوئے ہیں،تاہم بعض افغان ذرائع نے ہلاکتوں کی تعداد 30 اور زخمیوں کی تعداد 200 بتائی ہے۔
واضح رہے کہ طالبان حکومت نے قندھار کی شیعہ مسجد میں شہریوں کو نشانہ بنانے کی مذمت کی ہے، کہا جاتا ہے کہ حملہ کرنے والے چار افراد میں تین خودکش حملہ آور اور ایک بندوق بردار شامل ہیں جنہوں نے مسجد کے محافظوں پر فائرنگ کی نیزاس کے بعد خودکش دھماکہ کیا۔
دریں اثناء اسی طرح کا دھماکہ گزشتہ جمعہ کو قندوز کی شیعہ مسجد میں ہوا جس میں کم از کم 150 افراد شہیدہوئے،واضح رہے کہ قندوز بم دھماکے کی ذمہ داری داعش نے قبول کرلی۔