کراچی (سچ خبریں) معروف پاکستانی کامیڈین اداکار عمر شریف کی میت ترکی کے راستے کراچی پہنچا دی گئی علاج کے لیے امریکا لے جاتے ہوئے جرمنی کے ایک ہسپتال میں انہیں داخل کیا گیا اور 2 ستمبر کی صبح جرمنی کے اسپتال میں ہی عمر شریف دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے تھے۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق استنبول سے روانہ ہونے والی ترکش ایئر ویز کی شیڈول پرواز ٹی کے 708 نے بدھ کی صبح 5:47 بجے کراچی ایئرپورٹ پر لینڈ کیا۔ عمر شریف کی بیوہ زریں غزل بھی اسی پرواز سے وطن واپس پہنچیں۔
اداکار عمر شریف امراض قلب، گردے اور شوگر کی بیماریوں میں مبتلا تھے جنہیں علاج کیلئے 28 اکتوبر کو ایئر ایمولینس میں امریکہ روانہ کیا گیا تھا۔ جرمنی میں طیارے کے پہلے اسٹاپ اوور نیورمبرگ اترتے ہی ایئر ایمولینس کے عملے نے انہیں نیورمبرگ ساوتھ اسپتال میں داخل کرادیا۔
فیملی ذرائع کے مطابق 2 ستمبر کی صبح جرمنی کے اسپتال میں ہی عمر شریف دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے تھے۔ میت جرمنی کے میونخ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے منگل کی سہ پہر ترکش ایئرلائن کی کمرشل پرواز سے کراچی کیلئے روانہ کی گئی جو استنبول سے متبادل پرواز سے کراچی پہنچی۔
عمر شریف کی میت ایئرپورٹ کارگو ٹرمینل سے لواحقین کے حوالے کی گئی، میت وصول کرنے کیلئے عمر شریف کے اہلخانہ کے علاوہ ان کے مداح اور شہری بھی بڑی تعداد میں ایئرپورٹ پہنچے ہوئے تھے۔