پی ٹی آئی لانگ مارچ ناکام بنانے کیلئے چوہدری شجاعت کا حکومت کی حمایت کا اعلان

اسلام آباد (سچ خبریں) ایک جانب موجودہ حکومت کو گرانے کے لیے اپوزیشن جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) لانگ مارچ کی تیاریاں کررہی ہے تو دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ق) نے موجودہ صورتحال میں وفاقی حکومت کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ق) دو گروپوں میں تقسیم ہے، ایک گروپ وفاقی حکومت کی حمایت کررہا ہے جس کی قیادت چوہدری شجاعت حسین کررہے ہیں جبکہ دوسرا گروپ پاکستان تحریک انصاف کا اتحادی ہے جس کی قیادت وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ کررہے ہیں۔

چوہدری شجاعت کی رہائش گاہ پر وزیراعظم شہباز شریف اور شجاعت حسین کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے حکومت کو حمایت کی یقین دہانی کروائی.

ملاقات کے بعد وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری سرکاری پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ مسلم لیگ (ق) کے رہنماؤں نے مشکل حالات میں حکومت کی حمایت کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف دیگر رہنماؤں کے ہمراہ چوہدری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پہنچے تھے، ملاقات میں وزیرداخلہ رانا ثنااللہ، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، مسلم لیگ (ق) کے نیشنل فوڈ سیکیورٹی کے وزیرطارق بشیر چیمہ، چوہدری شجاعت حسین کے بیٹے اور وزیر سرماریہ کاری چوہدری سالک حسین سمیت دیگر رہنما شامل تھے۔

ملاقات میں دونوں فریقین نے موجودہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا اور اس بات پر اتفاق ہوا کہ حکومت کی تمام اتحادی جماعتیں عوام کی بہتری کے لیے مل کر کام کریں گی۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے 10 اکتوبر کو جلسہ عام سے خطاب کرکے اعلان کیا تھا کہ وہ جلد عام انتخابات اور موجودہ حکومت کو گرانے کے لیے جلد اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کریں گے۔

رواں سال اپریل سے عمران خان ملک بھر میں کئی جلسوں میں اعلان کر چکے ہیں کہ موجودہ حکومت کو گرانے کے لیے سیاسی تحریک آخری مراحل میں داخل ہوچکی ہے۔

تاہم موجودہ حکومت نے خبردار کیا ہے کہ اگر عمران خان لانگ مارچ کےلیے اسلام آباد میں داخل ہوئے تو امن و امان کو نقصان پہنچے گا۔

اس کے علاوہ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی حکومت چاہتی ہے کہ ملک کے سب سے بڑے صوبہ پنجاب میں اُن کے اتحادیوں کی حکومت نہ ہونے سے حکومت کی گرفت کمزور ہوسکتی ہے اس لیے وفاقی حکومت پنجاب کے وزیراعلیٰ پرویز الہیٰ کو بھی ہٹانے کی کوشش میں مصروف ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے