اسلام آباد (سچ خبریں) وزیراعظم عمران خان نے رمضان المبارک میں پناہ گاہوں و لنگر خانوں میں سحر و افطار کے بہترین انتظامات کی ہدایت جاری کر دی ہیں، انہوں نے پناہ گاہوں اور لنگرخانوں میں سحر اور افطار کے انتظامات یقینی بنانے کا حکم دے دیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر سینیٹر فیصل جاوید نے جی نائن پناہ گاہ کادورہ کیا اور پناہ گاہ میں موجود افراد اور انتظامیہ سے ملاقات کی۔فیصل جاوید نے سہولتوں کی فراہمی پراطمینان کااظہارکیا جبکہ پناہ گاہ میں موجود مزدوروں نے وزیراعظم کی صحت دریافت اور صحت یابی کی دعا کی۔
سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ وزیراعظم صحت یابی کے بعد خود بھی پناہ گاہوں کا دورہ کریں گے، ان کی ہدایت ہے پناہ گاہ میں ہر ممکن سہولتیں دی جائیں ،انتظامیہ کسی بھی قسم کی لاپرواہی نہ کرے۔فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ پناہ گاہوں کا سلسلہ ملک بھر میں پھیل رہا ہے، لاچار طبقہ کی خدمت وزیراعظم کے دل کے سب سے زیادہ قریب ہے۔
وزیراعظم کے اقدامات کا محور عام آدمی کے حالات بہتر کرنا ہے۔انھوں نے مزید کہا پناہ گاہوں، لنگر خانوں اور کوئی بھوکا نہ سوئے پروگرام کا اجرا کیاگیا، ریاست مدینہ کے طرز کے معاشرے کی منزل کی جانب یہ احسن قدم ہے۔
دنیا بھر میں اور خاص کر مسلم ممالک میں رمضان المبارک کے استقبال کی تیاریاں جاری ہیں۔ پاکستان میں بھی لوگ اپنے اپنے انداز سے اس مقدس مہینے کی تیاریاں کررہے ہیں۔ لیکن لوگوں کو ہر سال جو ایک شکایت رہتی ہے وہ یہ ہے کہ رمضان کے آتے ہی قیمتیں آسمان چھونے لگتی ہیں۔