ایرانی صدرابراہیم رئیسی ساتھیوں سمیت ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید

?️

سچ خبریں: ایرانی صدر  سید ابراہیم رئیسی اور وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان دیگر ساتھیوں کے ساتھ ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہوگئے۔

آج صبح حادثے کا شکار ہیلی کاپٹر کا ملبہ ملا تھا جس کے بعد ایرانی صدر اور ہیلی کاپٹر میں سوار افراد کے بچ جانے کی امیدیں دم توڑ گئی تھیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز نے ایرانی میڈیا ’مہر‘ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ  سید ابراہیم رئیسی اور ایرانی وزیرخارجہ ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہوگئے ہیں۔

سینئر ایرانی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر رائٹرز کو بتایا کہ ’صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ اور ہیلی کاپٹر میں سوار تمام مسافر حادثے میں شہید ہو گئے ہیں۔‘

بعدازاں ایرانی حکام نے بھی ابراہیم رئیسی اور ساتھیوں کی شہادت کی تصدیق کردی ہے۔

قبل ازیں ایران کے ہلال احمر کے سربراہ نے کہا تھا کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا لاپتا ہیلی کاپٹر مل گیا ہے لیکن صورت حال ’اچھی نہیں ہے۔‘

ایک اور ایرانی عہدیدار نے بتایا تھا کہ ’صدر ابراہیم رئیسی کا ہیلی کاپٹر حادثے میں مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے، بدقسمتی سے، تمام مسافروں کی شہادت کا خدشہ ہے۔‘

ایرانی ہلال احمر کے سربراہ پیرحسین کولیوند نے سرکاری ٹی وی کو بتایا کہ ہم ملبے کو دیکھ سکتے ہیں اور صورتحال اچھی نہیں لگتی۔

ایران کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے تھا کہ صدر ابراہیم رئیسی اور ایرانی وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان کے ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے ’حادثے‘ کے بعد بڑے پیمانے پر سرچ اینڈ ریسکیو کا کام جاری ہے۔

پاسداران انقلاب سمیت مختلف ممالک کی ٹیمیں حادثے کے مقام پر موجود ہیں، ترکیہ اور روس کے ریسکیو ماہرین بھی آپریشن میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق ترکیہ کے ڈرون نے ہیلی کاپٹر کا مقام ڈھونڈا جبکہ شدید دھند اور انتہائی خراب موسمی صورتحال کے باعث ریسکیو اہلکاروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

واضح رہے کہ 19 مئی کی شام ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کو ملک کے علاقے آذربائیجان کے پہاڑی علاقے میں حادثہ پیش آیا تھا۔

ایرانی صدر مشرقی آذربائیجان میں ڈیم کے افتتاح کے بعد واپس تبریز شہر کی طرف جارہے تھے، مقامی میڈیا کے مطابق وہ ایران اور آذربائیجان کے سرحدی علاقے سے واپس لوٹ رہے تھے۔

ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کے ساتھ مزید دو ہیلی کاپٹر بھی شامل تھے، ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کو ملک کے شمال میں دھند کے باعث ’ہارڈ لینڈنگ‘ کرنا پڑی تھی۔

63 سالہ ابراہیم رئیسی 2021 سے ایرانی صدر کے منصب پر فائز ہیں۔

ابراہیم رئیسی 1960 میں شمال مشرقی ایران کے شہر مشہد میں پیدا ہوئے اور صرف صرف 20 سال کی عمر میں انہیں تہران بالمقابل واقع شہر کرج کا پراسیکیوٹر جنرل نامزد کیا گیا تھا۔

انہوں نے 1989 سے 1994 تک تہران کے پراسیکیوٹر جنرل کی خدمات انجام دیں جس کے بعد 2004 سے 2014 تک عدالتی اتھارٹی کے ڈپٹی چیف اور پھر 2014 میں نیشنل پراسیکیوٹر جنرل رہے۔

انہوں نے 2021 میں ایک ایسے وقت میں بطور صدر ملک کی باگ ڈور سنبھالی تھی جب ایران شدید سماجی بحران کے ساتھ ساتھ اپنے متنازع جوہری پروگرام کے سبب امریکا کی وجہ سے عائد کی گئی پابندیوں کی وجہ سے معاشی دباؤ کا شکار تھا۔

انہیں اپنے دور میں اس وقت شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا جب ستمبر 2022 میں مہسا امینی کی دوران حراست موت کے بعد ملک بھر میں بڑے پیمانے پر مظاہرے کیے گئے تھے۔

تاہم مارچ 2023 میں علاقائی حریف تصور کیے جانے والے ایران اور سعودی عرب نے حیران کن طور پر ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے جس کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات بحال ہو گئے تھے۔

غزہ میں 7 اکتوبر کو شروع ہونے والی جنگ نے خطے میں تناؤ میں ایک مرتبہ پھر اضافہ کردیا تھا اور اپریل 2024 میں ایران نے اسرائیل پر براہ راست سیکڑوں میزائل اور راکٹ فائر کیے تھے۔

اتوار کو آذربائیجان کے صدر کے ہمراہ ڈیم کے افتتاح کے بعد تقریر میں ابراہیم رئیسی نے ایک مرتبہ پھر فلسطینیوں کے لیے ایران کی غیرمشروط حمایت کا اعادہ کیا تھا۔

ایرانی صدر نے کہا تھا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ فلسطین مسلم دنیا کا سرفہرست مسئلہ ہے اور ہمیں یقین ہے کہ ایران اور آذربائیجان کے عوام فلسطین اور غزہ کے عوام کی حمایت اور صہیونی حکومت سے نفرت کرتے ہیں۔

مشہور خبریں۔

سعودی عرب کو اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کی کوئی جلدی نہیں

?️ 30 ستمبر 2023سچ خبریں:جب کہ سعودی عرب اور صیہونی حکومت کے درمیان تعلقات کو

فلسطین پر کھل کر بات کریں یا ڈرامائی باتیں اپنے پاس رکھیں، ارمینہ خان کا شنیرا اکرم کو مشورہ

?️ 3 نومبر 2023کراچی: (سچ خبریں) اداکارہ ارمینہ خان نے سابق کرکٹر وسیم اکرم کی

دہشت گردی ہمارے جینز کا حصہ بن چکی ہے: اسرائیلی میڈیا

?️ 15 فروری 2025سچ خبریں: اسرائیل کے زیمان اخبار نے ایک تفصیلی رپورٹ میں مقبوضہ

کامران مرتضیٰ کا اسپیکر قومی اسمبلی کو خط، مدارس رجسٹریشن بل پر صدر مملکت کے اعتراضات مانگ لیے

?️ 11 دسمبر 2024 اسلام آباد: (سچ خبریں) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے قانونی مشیر

اسلام آباد: دنیا کو بھارت میں جوہری اسمگلنگ پر تشویش ہونی چاہیے

?️ 16 مئی 2025سچ خبریں: پاکستان نے ملک کے ایٹمی ہتھیاروں کے خلاف ہندوستانی وزیر

کارگل کے عوام نے شہید رئیسی کے لیے سوگ منایا 

?️ 25 مئی 2024سچ خبریں: ہیلی کاپٹر حادثے میں ایران کے صدر آیت اللہ سید ابراہیم

ممنوعہ فنڈنگ کیس: پی ٹی آئی کو جاری شوکاز نوٹس پر الیکشن کمیشن سے جواب طلب

?️ 29 مارچ 2023اسلام آباد:(سچ خبریں) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں

اسرائیل گرنےکی کگار پر

?️ 18 مارچ 2024سچ خبریں: Haaretz اخبار نے اپنے ایک مضمون میں بنجمن نیتن یاہو کی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے