سچ خبریں:سابق صیہونی وزیر جنگ بینی گینٹز نے نابلس کے جنوب میں واقع علاقے حوارہ کی صورت حال کی خرابی کا ذمہ دار اس حکومت کے وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کو قرار دیا۔
فلسطینی نیوز ایجنسی سما کی رپورٹ کے مطابق، صیہونی حکومت کے سابق وزیر جنگ اور اس حکومت کی موجودہ کابینہ کے مخالفین میں سے ایک بینی گینٹز نے حوارہ کے علاقے کی نازک صورتحال کا ذمہ دار صیہونی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کو قرار دیا۔
رپورٹ کے مطابق بینی گینٹز نے صیہونی حکومت کی کنیسٹ (پارلیمنٹ) میں خطاب کے دوران نیتن یاہو سے کہا کہ’’ آپ حوارہ کی نازک صورتحال کے ذمہ دار ہیں‘‘صیہونی حکومت کے چینل 12 کی رپورٹ کے مطابق، گینٹز نے مزید کہا کہ’’ آتش زنی کے ان حملوں کے مرتکب افراد اور وہ لوگ جو آپ کی حمایت اور دفاع نہ کر رہے ہوتے تو ایسا کرنے کی جرأت نہ کرتے، فوج کی طرف سے ان پر مقدمہ چلایا جانا چاہیے‘‘۔
گینٹز نے داخلی سلامتی کے وزیر ایتمار بین گوئراور وزیر خزانہ بیٹسل اسموٹریچ اور صیہونی حکومت کے دیگر انتہا پسندوں کے اشتعال انگیز اقدامات کا حوالہ دیا جنہوں نے فلسطینیوں کے گھروں اور گاڑیوں کو جلانے کے صیہونیوں کے اقدامات کی حمایت کی۔
واضح رہے کہ صیہونی آباد کاروں نے قابض فوج کی حمایت سے نابلس کے جنوب میں واقع علاقے حوارہ پر حملہ کیا اور فلسطینیوں کے گھروں، املاک اور گاڑیوں کو آگ لگا دی۔