کراچی: (سچ خبریں) اداکار عمران عباس نے بھارتی فلم ساز سنجے لیلیٰ بھنسالی کی جانب سے انہیں فلم میں کام کرنے کی پیش کش کرنے کی بات عام کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
سنجے لیلیٰ بھنساللی نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں اعتراف کیا تھا کہ انہوں نے اپنی نیٹ فلیکس سیریز ’ہیرامنڈی‘ میں پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان، فواد خان اور عمران عباس کو کاسٹ کرنے کا سوچا تھا۔
سنجے لیلا بھنسالی نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ 18 سال قبل انہیں ہیرا منڈی پر فلم بنانے کا خیال آیا تھا اور پہلے انہوں نےریکھا، کرینہ کپور اور رانی مکھرجی کو کاسٹ کرنے کا سوچا تھا جب کہ انہوں نے فلم کے مرکزی کرداروں کے لیے پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان، فواد خان اور عمران عباس کو بھی کاسٹ کرنے کا سوچا تھا۔
سنجے لیلیٰ بھنسالی کے مذکورہ انٹرویو پر عمران عباس نے رد عمل دیتے ہوئے بھارتی فلم ساز کا شکریہ ادا کیا۔
عمران عباس نے بھارتی فلم ساز کے انٹرویو پر اپنے کمنٹس میں کہا کہ سنجے لیلیٰ بھنسالی کا انٹرویو اور ان کا اعتراف یوٹیوبرز، سوشل میڈیا اسٹار اور تنقید کرنے والوں کو سب سے اچھا جواب ہے۔
انہوں نے اپنے کمنٹس میں لکھا کہ انہوں نے کچھ انٹرویوز میں یہ انکشاف کیا تھا کہ سنجے لیلیٰ بھنسالی انہیں فلم میں کام کرنے کی پیش کش کر چکے ہیں، جس پر بعض یوٹیوبرز نے ان کا مذاق اڑایا اور اب ایسے یوٹیوبرز کو جواب مل گیا ہوگا۔
اداکار نے خود پر تنقید کرنے والے یوٹیوبرز، بلاگرز اور خود ساختہ صحافیوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے لکھا کہ ایسے لوگ اداکاروں کی حقیقی زندگی سے ناواقف ہوتے ہیں، انہیں علم نہیں ہوتا کہ کون کس طرح کام کر رہا ہے، بس وہ اپنے نفرت انگیز پیغامات پھیلاتے رہتے ہیں۔
اگرچہ عمران عباس نے یوٹیوبرز، بلاگرز اور صحافیوں کو آڑے ہاتھوں لیا لیکن انہوں نے کسی کا نام نہیں لکھا۔
عمران عباس کے حوالے سے بھارتی فلمی مبصر کمال آر خان نے پچھلے ماہ اپنی ویڈیو میں دعویٰ کیا تھا کہ پاکستانی اداکار بھارتی فلموں میں کام کرنے کی پیش کش کے حوالے سے جھوٹے دعوے کر رہے ہیں، انہیں ایسی کوئی پیش کش نہیں ہوئی تھیں۔